ورلڈ ٹی 20 سعید اجمل وکٹوں کی سنچری بنانے کے خواہشمند

میں ہر میچ میں 100 فیصد کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں،جو بھی بیٹسمین سامنے ہو وہ میرا ہدف ہوتا ہے، سعید اجمل


Sports Desk March 29, 2014
میں ہر میچ میں 100 فیصد کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں،جو بھی بیٹسمین سامنے ہو وہ میرا ہدف ہوتا ہے، سعید اجمل۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستانی آف سپنر سعید اجمل کی خواہش ہے کہ جتنا جلد ہوسکے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے پہلے بولر بن جائیں۔

انھوں نے 61 میچز میں83 وکٹیں حاصل کی ہیں، ہم وطن عمرگل 77 اور شاہد آفریدی 75پلیئرز کو نشانہ بنا چکے، سعید اجمل نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہاکہ جس طرح آفریدی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی ففٹی مکمل کرنیوالے پہلے بولر بنے تھے اسی طرح میں100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والا پہلا بولر بننا چاہتا ہوں، یقیناً یہ سنگ میل کافی عرصے سے میری نظر میں ہے جس تک جلد سے جلد پہنچنا چاہوں گا، انھوں نے کہا کہ میں اپنی کرکٹ سے بھرپور لطف اٹھا رہا ہوں،کپتان جو بھی ذمہ داری دیں اسے پورا کرنے کی کوشش کرتا ہوں، میں خود پر کوئی اضافی دباؤ محسوس نہیں کرتاکہ دوسرے بولرز کامیاب ہورہے ہیں یا نہیں، البتہ پاکستانی بولنگ کافی متوازن ہے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں عمرگل کا ردھم بھی واپس آ گیا،ذوالفقار بابر نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ہر کھلاڑی دوسرے کی ہمت بڑھا رہا ہے۔سعید پُرامید ہیں کہ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کیخلاف دونوں میچز جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ جائیگی۔ گیل سے ممکنہ مقابلے کے بارے میں سوال پر انھوں نے کہا کہ میں ہر میچ میں 100 فیصد کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں،جو بھی بیٹسمین سامنے ہو وہ میرا ہدف ہوتا ہے، میں نے گیل یا مارلون سموئلز کے بارے میں کوئی خاص منصوبہ بنانے کا نہیں سوچا، موقع کی مناسبت سے کپتان اور کوچ کی حکمت عملی کے تحت بولنگ کرتا ہوں، میں ہر میچ میں ایسی کارکردگی کا سوچ کر میدان میں اترتا ہوں جو ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرے،میری کوشش ہوگی کہ اگلے میچوں میں میچ وننگ پرفارمنس دوں۔ سعید اجمل نے بھارت کیخلاف 18 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جبکہ آسٹریلیا کیخلاف بھی ایک کھلاڑی کو 33رنز دیکر آؤٹ کیا تھا، انھوں نے میرپور کی پچز کو اسپنرز کیلیے سازگار قرار دیا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ میں سعید نے 11 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں