کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست جمع کروادی

نیپرا 30 نومبر کو سماعت کرے گا


ویب ڈیسک November 18, 2022
نیپرا 30 نومبر کو سماعت کرے گا (فوٹو: فائل)

کے الیکٹرک نےبجلی کی قیمتوں میں کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں ایک روپے 88 پیسے فی یونٹ جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 83 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دی گئی ہے۔

کے الیکٹرک کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 30 نومبر کو سماعت کرے گا۔

دوسری جانب سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں درخواست دی ہے کہ ملک کے دیگر شہروں کیلئے بجلی 24 پیسے مہنگی کی جائے۔

سی پی پی اے نے درخواست میں کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا جائے، گزشتہ ماہ فرنس آئل سے 33 روپے 70 پیسے، ایل این جی سے پیداواری لاگت 24 روپے 2 پیسے بنائی گئی جبکہ ایران سے 21 روپے 17 پیسے فی یونٹ درآمد ہوئی۔

گزشتہ ماہ 10 ارب 37 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جبکہ بجلی کی مجموعی پیداواری لاگت 97 ارب 71 کروڑ روپے رہی۔

واضح رہے کہ بجلی کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق درخواست کی سماعت 29 نومبر کو ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں