میامی ٹینس سرینا ولیمز اعزاز کے دفاع سے ایک فتح دور

مسلسل دوسری اور ریکارڈ 7 ویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کیلیے انھیں ہفتے کو چینی اسٹار لینا سے ٹکرانا ہوگا۔


AFP/Sports Desk March 29, 2014
مسلسل دوسری اور ریکارڈ 7 ویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کیلیے انھیں ہفتے کو چینی اسٹار لینا سے ٹکرانا ہوگا. فوٹو: رائٹرز

میامی ماسٹرز ٹینس میں دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز اعزاز کے دفاع سے ایک فتح دور ہیں۔

مسلسل دوسری اور ریکارڈ 7 ویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کیلیے انھیں ہفتے کو چینی اسٹار لینا سے ٹکرانا ہوگا، سیمی فائنلز میں امریکی اسٹار سرینا نے روسی حریف ماریا شراپووا کو ٹھکانے لگایا،آسٹریلین اوپن چیمپئن لینا نے ڈومنیکا سبولکووا کا قصہ تمام کیا۔مینز سنگلز کوارٹر فائنلز میں ٹاپ سیڈ رافیل نڈال نے کینیڈا کے میلوس راؤنک کو 4-6 ، 6-2 اور6-4 سے ہرا دیا، 7 سیڈ جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ نے یوکرینی حریف الیگزینڈر ڈولگوپولوف کو 6-4 ، 7-6(7/3) سے قابوکرلیا۔تفصیلات کے مطابق 32 سالہ سرینا ولیمز کا ہفتے کو شیڈول فائنل میں موجودہ آسٹریلین اوپن فاتح لینا سے مقابلہ ہوگا، باہمی ریکارڈز میں امریکی پلیئر کو ایشین حریف پرواضح برتری حاصل ہے،11 مقابلوں میں 10 مرتبہ سرینا ہی فاتح بن کر کورٹ سے باہر آئی ہیں،اس کے باوجود سرینا چینی پلیئر کو آسان حریف سمجھنے پر آمادہ نہیں ہیں۔

انھوں نے کہاکہ لینا نے ابھی تک اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، ان کے مقابل کھیل کر میں لطف اندوز ہوں گی، اس سے قبل سیمی فائنلزمیں سرینا نے روایتی حریف ماریا شراپووا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-3 سے مات ی، روسی ساحرہ پانچ مرتبہ اس ایونٹ کے فائنلز میں پہنچنے کے باوجود اب تک ٹائٹل جیتنے سے محروم رہی ہیں،اس مرتبہ انھیں سرینا نے سیمی فائنلز میں ہی واپسی کا پروانہ تھمادیا جبکہ گذشتہ برس وہ فائنل میں ہارگئی تھیں، چینی پلیئر لینا نے سلواکین پلیئر ڈومنیکا سبولکووا کو 7-5 ، 2-6 اور6-3 سے زیرکیا، 2 گھنٹے 20 منٹ جاری رہنے والے اس مقابلے میں ورلڈ نمبر2 لینا نے پہلی سروس کے 79 میں سے 46 پوائنٹس حاصل کیے، 6ڈبلز فالٹس کرنے کے باوجود لینا سیکنڈ سروس پر 29 میں سے محض8 پوائنٹس ہی اپنے نام کرپائیں، رواں برس سبولکوا کیخلاف لینا کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے، انھوں نے سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کے فائنل میں انھیں مات دی تھی،گذشتہ ہفتے انڈین ویلز میں بھی سبولکووا لینا سے حساب چکتا کرنے میں ناکام رہی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں