رواں ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ
13 اشیاء کے نرخوں میں کمی آئی اور 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا، ادارہ شماریات
ملک میں مسلسل پانچویں ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا، رواں ہفتے مہنگائی کی شرح 0.62 فیصد بڑھ گئی، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 28.67 فیصد رہی اور 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق مہنگائی میں 0.62 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر ملک میں مہنگائی کی شرح 28.67 فیصد ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 13 اشیاء کے نرخوں میں کمی آئی، گزشتہ ہفتے چکن، پیاز، انڈے، آلو، سرخ مرچ، چائے، نمک اور لکڑی مہنگی ہوئی۔
گزشتہ ہفتے ٹماٹر، دال مسور، دال چنا، گھی، دال ماش، دال مونگ اور کوکنگ آئل سستا ہوا جبکہ لہسن اور گندم کے آٹے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 15 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا