رضا رومی پر حملے کیخلاف صحافتی تنظیموں کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

ایکسپریس کو سچ بولنے کی سزا مل رہی ہے،روزایک گھنٹے دھرنا دینگے، رانا عظیم، یہ آخری واقعہ نہیں،ارشد انصاری


صحافی برادری ایکسپریس کے ساتھ ہے،امین یوسف،جی ایم جمالی،مظہر خان ،رئوف مان،حامد میر،عمران خان،شاہ زیب خانزادہ اوردیگر کی مذمت۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

ایکسپریس میڈیا گروپ پر مسلسل حملوں کے خلاف صحافی برادری نے آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے) کے صدر رانا عظیم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپریس کو سچ بولنے کی سزا دی جارہی ہے، ہم ایکسپریس کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے خلاف روزانہ ایک گھنٹے دھرنا دیں گے، سیاسی جماعتوں نے پہلے ہمارا ساتھ دیا نہ اب دیں گی، چور اور ڈاکو ملے ہوئے ہیں۔ پی ایف یوجے کے صدر رانا عظیم اور سیکریٹری جنرل امین یوسف نے ایکسپریس نیوز کے سینئر تجزیہ کار رضا رومی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایکسپریس میڈیا گروپ پر مسلسل پانچواں حملہ ہے، حکومت صحافی برادری کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے میں بالکل ناکام دکھائی دیتی ہے۔ پی ایف یوجے کے صدر رانا عظیم اور سیکریٹری جنرل امین یوسف نے آج (ہفتے کو) ملک بھر میں دہشت گردی کے اس واقعے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیاکہ ذمے داروں کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

امین یوسف نے کہاکہ ہم حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے بدترین اقدامات کو برداشت نہیں کریں گے۔ کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا عظیم ،سیکرٹری جنرل امین یوسف اورکراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی نے لاہور میں ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن رضا رومی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحا فت پر حملہ قرار دیا ہے، پی ایف یو جے کی اپیل پر کے یو جے کراچی پریس کلب کے باہرآج شام 4 بجے احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی نے کہاکہ ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملوں کے باوجود صحافیوں کے حوصلے کمزور نہیں ہوںگے اور صحافی تمام تر دھمکیوں اور حالات کے باوجود اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر حق وسچ کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انھوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ رضا رومی پر حملے میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اور اس واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائے۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہاکہ دہشت گردوں نے ایکسپریس کو ہی نشانہ بنایا ہوا ہے، رضا رومی پر ہونے والا حملہ تشویشناک ہے، مجھے نہیں لگتا کہ یہ آخری واقعہ ہے،10 برسوں میں 92صحافی شہید ہوئے جبکہ ایک ملزم بھی گرفتار نہ ہونا حکمرانوں کی ناکامی ہے۔ انھوں نے کہاکہ 4فروری کو وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں چوہدری نثار اور پرویز رشید بھی موجود تھے، ملاقات میںصحافیوں کو سیکیورٹی کے متعلق بات ہوئی مگرکوئی اقدام نہ ہوا۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ دہشت گرد ایکسپریس گروپ کو خوفزدہ کرناچاہتے ہیں لیکن ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ پوری صحافی برادری ان کے ساتھ ہے، ہمارے حوصلے پست نہیں ہوںگے، سچ بولتے رہیں گے، عالمی برادری سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان میں صحافیوں کے تحفظ کیلیے حکمرانوں پر دباؤ ڈالے۔ ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام آج سہ پہر ساڑھے3 بجے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔

پی ایف یو جے کے فنانس سیکریٹری مظہر خان، صدر ایم یو جے رئوف مان، جنرل سیکریٹری اوصاف الٰہی اور پی ایف یو جے کے ممبر ایف ای سی امجد بخاری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ صحافیوں اور میڈیا ہائوسز سے وابستہ افراد کو مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن حکومت نے ذمے داروں کو آج تک گرفتار نہیں کیا جس کی وجہ سے صحافیوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انھوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیاکہ وہ رضا رومی پر حملے میں ملوث افراد کو 7 یوم میں گرفتار کرے ورنہ صوبے بھر میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام ٹودی پوائنٹ کے میزبان شاہ زیب خانزادہ نے کہاکہ جس ملک میں 50 ہزاربے گناہ لوگ مارے جائیں وہاں سچ بول کرمرنا زیادہ بہتر ہے، حکمرانوں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انھوں نے عوام اور سچ بولنے والوں کے تحفظ کیلیے کیاکرنا ہے۔

سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ میں ایکسپریس نیوز پر حملے کی پرزورمذمت کرتا ہوں اور ایکسپریس نیوز کی ساری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو دکھ کے باوجود بہت مثبت انداز میں سچ بیان کرتی جارہی ہے، آئی جی پنجاب کے علم میں تھا کہ کن صحافیوں کی جان کو خطرہ ہے لیکن اس کے باوجود اگر آئی جی پنجاب نے کچھ نہیں کیا تو یہ بہت ہی افسوسناک ہے، یہ حقیقیت ہے کہ تمام اعلیٰ حکومتی اہلکاروں کو پتہ تھا کہ کن لوگوں کی جان کو خطرہ ہے۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام تکرارکے میزبان عمران خان نے کہاکہ رضا رومی کے حملے کے پیچھے ہروہ شخص ہوسکتا ہے جو آئینہ نہیں دیکھ سکتا، ہٹ لسٹ پر موجود صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے کچھ دن پہلے آئی جی پنجاب کوملنے گئے توان کا غیرسنجیدہ رویہ دیکھ کر لگا کہ ہم نے ان کے ساتھ ملاقات کرکے وقت ضائع کیا اورآج انھوں نے ہم سے بات کرتے ہوئے ٹیلی فون ہی کاٹ دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف صاحب آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس غیر سنجیدہ رویے کا نوٹس لیں، آج ایکسپریس نیوزکا ساتھی اس غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے ہم سے بچھڑ گیا، کل کو یہ غیرسنجیدہ رویہ ایوان اقتدار تک جاسکتا ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام ایکسپریس نیوزکے اینکر پرسن رضا رومی پر حملے کے خلاف آج بلوچستان اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں