پی ایس ایل 8 ڈرافٹ کی تاریخ پر تاحال اتفاق نہ ہوسکا

اونرزتاخیر سے ناخوش، 30 نومبر یا دسمبر کے پہلے ہفتے میں انعقاد پر غور


Saleem Khaliq November 19, 2022
اونرزتاخیر سے ناخوش، 30 نومبر یا دسمبر کے پہلے ہفتے میں انعقاد پر غور (فوٹو: فائل)

پی ایس ایل 8 کے ڈرافٹ کی تاریخ پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا، اب 30 نومبر یا دسمبر کے پہلے ہفتے میں کراچی میں انعقاد پر غور ہونے لگا۔

پی ایس ایل 8 کا انعقاد آئندہ سال9 فروری سے 19 مارچ تک ملک کے مختلف شہروں میں ہوگا،ڈرافٹ کی مجوزہ تاریخ18 نومبر تھی مگر بورڈ حکام کی دیگر مصروفیات کے سبب انعقاد نہ ہو سکا۔

پہلے پشاور میں ڈرافٹ کرانے کا پلان تھا جس پر بوجوہ عمل نہ ہو سکا،پھر بھوربن جانے پر بات ہوئی وہاں ہوٹل کے کمرے دستیاب نہ تھے، حیران کن طور پر ابوظبی تک کا نام بھی زیرغور آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 نومبر یا2 دسمبر کے پہلے ہفتے میں کراچی میں ڈرافٹ ہو سکتے ہیں، پی سی بی اور فرنچائز حکام کی مصروفیت کو مدنظر رکھ کر ہی کوئی فیصلہ ہوگا،ٹیم مالکان اس صورتحال سے خوش نہیں اور اسے بورڈ کی بدانتظامی قرار دے رہے ہیں جو تاحال کسی تاریخ پر متفق نہیں ہو سکا، انھیں رابطے پر جلد فیصلے سے آگاہ کرنے کا ہی جواب دیا جاتا رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک فرنچائز کے اعلیٰ حکام بعض وجوہات کی بنا پر ڈرافٹ میں شریک نہیں ہو سکتے، ان کی نمائندگی کسی اور کو کرنا ہوگی، ایک اور ٹیم آفیشل کی کچھ مصروفیات ہیں، البتہ بورڈ نے ارادہ کر لیا کہ اب جو تاریخ طے کی اس پر ہی عمل کیا جائے گا۔

رابطے پر ترجمان پی سی بی نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ڈرافٹ کی تاریخ طے کرنے کے حوالے سے کام جاری ہے، جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوئیں میڈیا کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں