برآمدات میں کمی عالمی معاشی سست روی کا نتیجہ ہے امین فہیم

ایکسپورٹ بڑھانے کیلیے اقدامات کررہے ہیں، مسائل کے خاتمے کیلیے ٹی ڈی اے پی کو....


Business Reporter September 15, 2012
ایکسپوپاکستان سے ملکی بیرونی تجارت کے ساتھ سرمایہ کاری میںبھی اضافہ ہوگا،وفاقی وزیر تجارت، نمائش سے متعلق جائزہ اجلاس کے بعدمیڈیا سے بات چیت. فوٹو: فائل

ایکسپو پاکستان نمائش 2012میں غیرملکی خریداروں کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔

نمائش کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں تجارت کے ساتھ سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا، پاکستان کی برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ عالمی سطح پر جاری معاشی سست روی کی لہر کا نتیجہ ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور امور میں شفافیت کیلیے اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔یہ بات وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم نے گزشتہ روز ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں ایکسپو پاکستان نمائش کے انعقاد کیلیے جائزہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ نمائش میں مختلف ممالک سے خریداروں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے ، پاکستانی مصنوعات کی بہتر تشہیر کیلیے ایکسپو پاکستان نمائش عالمی معیار کے مطابق منعقد کی جارہی ہے، اس نمائش سے پاکستان کی بیرونی تجارت کے ساتھ سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر میں فیشن انڈسٹری کو اہمیت حاصل ہے۔

خواتین دل کھول کر خریداری کرتی ہیں جس سے مصنوعات کی تجارت بڑھتی ہے، پاکستان میں 50 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، اس لیے تجارتی نمائشوں میں فیشن شوز منعقد کیے جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک تعینات کمرشل قونصلرز کو 31اگست تک وطن واپس آنے کی ہدایت کی تھی تاہم قونصلرز کی سہولت کیلیے ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

ایکسپو پاکستان میں اچھے خریدار لانے والے قونصلرز کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تجارتی خسارے میں اضافے کی وجہ عالمی کساد بازاری کی لہر ہے تاہم وفاقی وزارت برآمدات بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے، ملک میں امن و امان کی صورتحال بھی سرمایہ کاروں کیلیے خدشات کا سبب ہے۔

اس کے علاوہ بیرونی خریداروں اور سرمایہ کاروں کو اپنے ملکوں کی جانب سے دی جانے والی ٹریول ایڈوائزریز پر بھی عمل کرنا ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کلیدی عہدوں پر ایڈہاک تقرریاں حکومتی طریقہ کار کا حصہ ہے، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسٹیک ہولڈرز اور بیرون ملک متعین کمرشل قونصلر کی ریجنل کانفرنس منعقد کرائی جائے تاکہ اسٹیک ہولڈرز کو درپیش کا خاتمہ کیا جاسکے۔

انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ ملک میں حادثات اور جرائم کی خبروں کے ساتھ مختلف شعبوں میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو بھی اجاگر کرے تاکہ بیرون ملک پاکستان کی ساکھ بہتر بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے لوگ بازئوں پر امام ضامن باند کر پاکستان کا رخ کرتے ہیں لیکن یہاں آکر مسائل کے باوجودان کا اعتماد بحال اور خدشات ضائل ہوجاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں