پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں ریلی نکالنے کی مشروط اجازت مل گئی
ریلی میں ہتھیار، اسلحہ اور ڈنڈے وغیرہ لانے پر کارروائی ہوگی جبکہ ریاست مخالف نعروں اور تقریروں کی اجازت نہیں ہوگی
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کورال سے روات تک ریلی نکالنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ریلی کے لئے باقاعدہ این او سی جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ریلی کو پرامن بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے 35 شرائط رکھی ہیں۔ ریڈ زون اور باقی علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا جبکہ لانگ مارچ کے شرکا کو ی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی لانگ مارچ آخری مرحلے میں، مرکزی کنٹینر اسلام آباد سے 200 میٹر دور
ضلعی انتظامیہ نے شرط عائد کی ہے کہ سرکاری اور نجی املاک کو ہرگز نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ ریلی میں ہتھیار، اسلحہ اور ڈنڈے وغیرہ لانے پر کارروائی ہوگی جبکہ ریلی میں ریاست، مذہب، نظریہ پاکستان کے مخالف نعروں اور تقریروں کی اجازت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق ریلی کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس باقاعدہ ٹریفک پلان جاری کرے گی۔ شرائط کی خلاف ورزی پر منتظمین کے خلاف فوری اور سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔