پونم پانڈے راج کندرا اور شرلین چوپڑا نے فحش فلمیں بنائیں بھارتی پولیس

ملزمان نے مالی فوائد کے لیے دو فائیو اسٹار ہوٹلز میں فحش فلمیں بنائیں اور مختلف انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کیں

پورنوگرافی کیس میں راج کندرا، پونم پانڈے اور شرلین چوپڑا کیخلاف چارج شیٹ جمع؛ فوٹو: فائل

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی سائبر پولیس نے عدالت میں چارج شیٹ جمع کرائی ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ معروف اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور فلم ڈائریکٹر راج کندرا سمیت اداکاراؤں شرلن چوپڑا، پونم پانڈے پر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کے لیے فحش فلمیں بنائیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پورنوگرافی کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ مہاراشٹرا کی سائبر پولیس نے انڈسٹری کے بڑے ناموں کے خلاف اپنی تحقیقات کی بنیاد پر 450 صفحات پر چارج شیٹ عدالت میں جمع کرادی جس میں خوفناک انکشافات ہوئے ہیں۔

مہاراشٹرا پولیس نے چارج شیٹ میں شلپا شیٹی کے شوہر فلم ڈائریکٹر راج کندرا، پروڈیوسر میتا جھنجھن والا، ماڈل شرلین چوپڑا اور اداکارہ پونم پانڈے پر مضافاتی علاقوں کے دو فائیو اسٹار ہوٹلز میں فحش فلمیں بنانے اور پھر اسے انٹرنیٹ پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

پونم پانڈے پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اپنی موبائل ایپ 'دی پونم پانڈے' تیار کی، کندرا کی کمپنی کی مدد سے ویڈیوز شوٹ کیے اور مالی فوائد کے لیے ایپ پر اپ لوڈ کرکے انہیں وائرل کیا۔

اسی طرح شرلین چوپڑا کی ویڈیوز بھی شوٹ کی گئی تھیں جب کہ جھنجھن والا پر ماڈل کو کہانیوں کی اسکرپٹ اور ہدایت کاری کے ذریعے مدد اور حوصلہ افزائی کرنے کا الزام ہے۔

چارج شیٹ میں پرائم او ٹی ٹی کے سواجیت چودھری اور کندرا کے ایک عملے کے رکن امیش کامتھ پر بھی مبینہ طور پر فحش مواد پر مشتمل ویب سیریز 'پریم پگلانی' بنانے اور اسے اپ لوڈ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

فحس فلموں کی تقسیم کے ملزمان میں راج کندرا کی فرم ویان انٹرپرائزز کے آئی ٹی چیف ریان تھورپ، سنگاپور میں مقیم یش ٹھاکر عرف اروند شریواستو اور راج کندرا کے لندن میں رہائش پذیر بہنوئی پردیپ بخشی شامل ہیں۔


سائبر پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان نے مالی فائدے کے لیے مختلف او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر فحش ویڈیوز تقسیم کیں۔ اس کام میں ان کا کیمرا مین بھی شامل تھا۔

سائبر پولیس نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ فل ڈائریکٹر راج کندرا کی کمپنی نے نہ صرف جرم میں مدد کی بلکہ مالی فوائد کے لیے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جب وہ جانتے تھے کہ یہ قابل گرفت جرم ہے۔

علاوہ ازیں وہ مزید ایسی ماڈلز کی تلاش میں بھی تھے جنہوں نے فحش ویڈیوز یا ویب سیریز میں کام کیا ہو۔

خیال رہے کہ اپریل 2021 میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے اپنی الگ چارج شیٹ داخل کی تھی جب کہ اسی سال ستمبر میں سنسنی خیز فحش ریکیٹ کیس میں ایک ضمنی چارج شیٹ فروری 2021 میں مدھ آئی لینڈ کے بنگلے پر چھاپے کے بعد سامنے آئی تھی۔

جس کی بنیاد پر ممبئی پولیس نے شلپا شیٹی کے شوہرراج کندرا پر تقریباً 100 فحش فلمیں بنانے کا الزام لگایا تھا جب کہ سنگاپور میں موجود ملزم ٹھاکر کے بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا تھا اس کیس میں 43 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے تھے۔

ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کی طرف سے ہائی پروفائل کیس کے بے نقاب ہونے کے بعد جولائی 2021 میں شلپا شیٹی کے گھر چھاپہ مار کارروائی میں ان کے شوہر راج کندرا کو گرفتار کرلیا گیا تھا تاہم دو ماہ بعد وہ ضمانت پر رہا ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ پہلی بار سائبر پولیس نے سب سے پہلے 2019 میں مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ آرمس پرائم میڈیا لمیٹڈ کے ڈائریکٹر راج کندرا فحش ویڈیوز بنانے اور اسے بعض ویب سائٹس پر تقسیم کر رہے ہیں۔
Load Next Story