ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملہ سچ کی آواز دبانے کی کوشش ہے پرویز رشید

رضا رومی اپنے پروگرام میں تنقید کرنے والوں کو دلیل سے جواب دیتے ہیں لہٰذا ان کے مخالفین بھی حوصلے سے تنقید برداشت کریں


ویب ڈیسک March 29, 2014
جو پاکستان میں امن چاہتے ہیں انہیں مل کر پاکستان مخالف لوگوں کا مقابلہ کرنا چاہئے اور الزام تراشیوں سے گریز کرنا چاہئے، پرویز رشید فوٹو: ایکسپریس نیوز

FAISALABAD: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ بہادری کے ساتھ لوگوں کو سچ پہنچاتا ہے لیکن بدقسمتی سے سچ کی آواز کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

لاہور میں گزشتہ روز ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن رضا رومی پر حملے کے بعد پرویز رشید ان کی عیادت کے لئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنی بات کہنے کا حق حاصل ہے اور کسی کو کسی کی بات سے اختلاف ہے تو اس کے لئے بھی مواقع موجود ہیں، رضا رومی تو اپنے پروگرام میں براہ راست فون کالز بھی لیتے ہیں جن میں وہ اختلاف کرنے والوں کی تنقید وسعت قلب سے برداشت کرتے ہیں اور انہیں دلیل سے جواب دیتے ہیں لہٰذا ان کے مخالفین بھی حوصلے کے ساتھ تنقید برداشت کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئین اور اسلام میں کسی کی جان لینے کا کوئی جواز موجود نہیں ہے، اسلام کا مطلب سلامتی ہے لیکن اگر ہمارے ہم وطن اور ہم مذہب ہمارے ہاتھوں سلامت نہیں ہے تو ہم دنیا کے سامنے اسلام کا کونسا چہرہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپریس نیوز پر حملے آزادی صحافت پر حملے ہیں، ایکسپریس میڈیا گروپ بہادری کے ساتھ لوگوں کو سچ پہنچاتا ہے لیکن بدقسمتی سے سچ کی آواز کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ رضا رومی پر حملے کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں، دھمکیاں ملنے پر پنجاب حکومت رضا رومی سے پہلے سے رابطے میں تھی اور ان کی سیکیورٹی کے لئے اقدامات کئے گئے تھے جنہیں مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا، حکومت اور عدالت سب ایک ہیں، پاکستان کو پرامن اور محفوظ ملک بنانے والے ایک طرف ہیں اور اسے قتل وغارتگری کا بازار بنانے والے دوسری طرف لہٰذا جو پاکستان میں امن چاہتے ہیں انہیں مل کر پاکستان مخالف لوگوں کا مقابلہ کرنا چاہئے اور الزام تراشیوں سے گریز کرنا چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں