مظاہرین سے اظہار یکجہتی ایرانی ٹیم نے میچ سے قبل قومی ترانہ نہیں پڑھا

دوحہ کے خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جب ایرانی ترانہ بجایا گیا تو کھلاڑی خاموش رہے

فوٹو: اے ایف پی

فیفا ورلڈ کپ میں شریک ایران کی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف اپنے پہلے میچ سے قبل قومی ترانہ نہیں پڑھا۔

ایرانی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا ترانہ نہ پڑھنا بظاہر اپنے ملک میں احتجاجی مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا عمل نظر آتا ہے۔

دوحہ کے خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں جب ایرانی ترانہ بجایا گیا تو کھلاڑی خاموش رہے جبکہ سٹیڈیم میں بیٹھے شائقین بھی اس وقت چلاتے ہوئے نظر آئے اور کچھ افراد نے ترانے کے دوران انگوٹھے کا اشارہ کرتے ہوئے ایرانی حکام کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کی کوشش کی۔


اس میچ میں ایران کو انگلینڈ کے ہاتھوں دو گول کے مقابلے میں چھ گول سے شکست ہوئی ہے۔

ایران میں تقریباً دو ماہ قبل 'اخلاقی پولیس' کی حراست میں ایک نوجوان لڑکی کی موت کے بعد احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے اور یہ مظاہرے تاحال جاری ہیں۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے میچ سے قبل کھلاڑیوں کے ترانہ پڑھنے کے لیے جمع ہونے کے مناظر نشر نہیں کیے۔

ایرانی فٹ بال ٹیم کے کپتان احسان حاجصفی نے میچ سے ایک دن قبل قطر سے جاری ایک بیان میں ایران میں احتجاجی مظاہرین کے حوالے سے کہا تھا کہ 'ہم ان کے ساتھ ہیں، ان کی حمایت کرتے ہیں اور ان سے ہمدردی رکھتے ہیں۔'
Load Next Story