مکہ مکرمہ ہوٹلوں کو پکا ہوا گوشت تول کر فروخت کرنے کا حکم

تبدیلی صارفین کی جانب سے ریسٹورنٹس اور کیٹرنگ مالکان کے خلاف شکایات پر کی گئی ہے ، مئیر مکہ

گاہکوں کو فی پلیٹ گوشت کی فروخت کیخلاف درج کرانے کی ہدایت کی گئی:فوٹو:فائل

مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں میں اب پکا ہوا گوشت تول کر فروخت ہوگا۔

مکہ مکرمہ کے ریسٹورنٹس اور کیٹرنگ میں گوشت فروخت کرنے کا طویل عرصے سے رائج طریقہ کار تبدیل کر دیا گیا۔عرب ویب سائٹ نے سعودی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ مکہ مکرمہ کے قائم مقام میئر صالح الترکی نے ریسٹورنٹس میں پکائے گئے گوشت کو فی پلیٹ کے بجائے وزن کر کے فروخت کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔

میئر صالح الترکی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تبدیلی صارفین کی جانب سے ریسٹورنٹس اور کیٹرنگ مالکان کے خلاف ان شکایات پر کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ ریسٹورنٹس اور کیٹرنگ سروس میں پلیٹ میں گوشت کی مقدار کم کر دی گئی ہے۔ مختلف ہوٹلوں میں گوشت کی مقدار یکساں نہیں ہوتی۔


مکہ میونسپلٹی نے ریسٹورنٹس اور کیٹرنگ کمپنیوں کے مالکان و منتظمین سے کہا ہے کہ وہ گاہکوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔ پکا ہوا گوشت تول کرفروخت کریں۔ فی پلیٹ قیمت وصول نہ کی جائے۔

مکہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے پکے ہوئے گوشت کے نرخ متاثر نہیں ہوں گے۔ مقامی شہریوں ، غیرملکیوں اور زائرین کو کسی بھی ریسٹورنٹ یا کیٹرنگ کی جانب سے پکا ہوا گوشت وزن کے بجائے پلیٹ کے حساب سے فروخت کرنے کی صورت میں شکایت درج کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پکے ہوئے گوشت کو تول کر فروخت کرنے کے لیے ریسٹورنٹس کو 3 ما ہ کی مہلت دی گئی ہے۔

 
Load Next Story