پنجاب کے سی این جی اسٹیشنز کو اب 6 دن 6 گھنٹے جبکہ اتوار کو 18 گھنٹے گیس ملے گی

ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ ممکن نہیں تاہم اس سلسلے میں جرمانے کا معاملہ طے کرلیں گے، وزیر پیٹرولیم


ویب ڈیسک March 29, 2014
سی این جی سیکٹر کو یومیہ 6 گھنٹے گیس کی فراہمی کا منصوبہ آزمائشی بنیادوں شروع کیا جارہا ہے،شاہدخاقان عباسی

وفاقی حکومت نے پنجاب میں ہفتے میں 3 روزہ ناغے کے بجائے سی این جی سیکٹر کو روزآنہ 6 جبکہ اتوار کو 18 گھنٹے گیس کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں سیمینار سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ملک میں صنعتوں کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتی ہے لیکن بدقسمتی سے ملک میں توانائی کا بحران ہے، اگر ہم بجلی کے پیداواری یونٹس کو گیس کی فراہمی مکمل کردیں تو ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوسکتا ہے، ہر سال 30 سے 32 ارب روپے کی مالیت کی گیس یا تو چوری ہوجاتی ہے یا پھر ضائع کردی جاتی ہے جسے ہمیں روکنا ہوگا۔ گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے دسمبر تک ایل این جی کو سسٹم میں لے آئیں گے جس سے توانائی بحران میں کمی میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبہ ممکن نہیں تاہم اس سلسلے میں جرمانے کا معاملہ طے کرلیں گے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت نے گیس کی کمی کے پیش نظر جامع حکمت عملی بنائی ہے، اگر حکومت نے اپنی آئینی مدت مکمل کرلی تو ملک سے گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے لئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے تاہم جلد ہی ایل پی جی کی قیمت میں 35 فیصد تک کمی کی جائے گی ، اس کے علاوہ پیٹرول کی قیمت بھی کم کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں پنجاب کے سی این جی سیکٹر کو ہفتے میں 4 دن گیس فراہم کی جاتی ہے لیکن اب ہفتے کے 6 دن صبح 10 سے شام 4 بجے تک 6 گھنٹے جبکہ اتوار کے روز 18 گھنٹے سی این جی فراہم کی جائے گی، یہ اقدام آزمائشی بنیادوں پر کیا جارہا ہے، اگر حکومت کو اس میں کامیابی ملی تو اسے مستقل کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں