ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کرنے کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
بنگلادیش کے شہر چٹاگانگ کے ظہور احمد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے، جواب میں انگلش ٹیم نے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی، اوپننگ بلے باز مائیکل لیمب اور الیکس ہیلز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 46 رنز جوڑے، لیمب 18 رنز بنا کر پارنیل کا شکار بن گئے جس کے بعد 73 کے مجموعہ پر الیکس ہیلز بھی 22 گیندوں پر 38 رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے، معین علی 10، آئن مورگن 14، جوز بٹلر 34، روی بوپارا 31 اور کرس جورڈن 17 بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹم برسنن 14 اور کپتان اسٹراٹ براڈ 1 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انگلش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 193 رنز بنا سکی، جنوبی افریقا کی جانب سے وین پارنیل نے 3 اور عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کی جانب سے اوپنرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 90 رنز جوڑے، ہاشم آملہ 56 رنز بنا کر اسٹراٹ براڈ کا شکار بن گئے جس کے بعد کوائنٹن ڈی کوک بھی 98 کے مجموعہ پر 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان اے بی ڈیولئیرز کریز پر آئے تو انگلش بولرز بولنگ کرانا ہی بھول گئے انہوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور 28 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 69 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جے پی ڈومنی 5، ڈیوڈ ملر 19 اور البی مورکل 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، میچ میں شاندار کارکردگی پیش کرنے والے اے بی ڈیویلئرز کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔