نیلام گھر کی طرز پر ’سلام پاکستان‘ کے نام سے پروگرام کا اعلان
پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان طارق عزیز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلم سیماب میدان میں آگئے
پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان طارق عزیز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے معروف میزبان اسلم سیماب میدان میں آگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلم سیماب نے کہا کہ نیلام گھر کو اب 'سلام پاکستان شو' کے نام سے باقاعدگی سے کروں گا اور اس کی باقاعدہ ریکارڈنگ 25 نومبر سے الحمراء میں ہوگی۔
اسلم سیماب نے کہا کہ طارق عزیز ہمارے لیجنڈ تھے ان کے شو کو دنیا بھرمیں پذیرائی ملی، 'سلام پاکستان' نام اے آر گل کا تجویز کردہ ہےاور اس کا اسکرپٹ بھی انہوں نے ہی لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'سلام پاکستان' میں وہ تمام چیزیں اسی انداز سے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ پیش کی جائیں گی اور اس کے ساتھ ہال میں آنے والے مہمانوں کو قیمتی انعامات دیے جائیں گے۔
سینئر اداکار راشد محمود نے 'سلام پاکستان' شروع کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ طارق عزیز مرحوم نے اپنے پروگراموں سے عوام میں آگاہی پیدا کی۔
پریس کانفرنس میں سینئر فلم ڈائریکٹر سید نور،سینیر اداکار راشد محمود،جراررضوی،آغا قیصر عباس،ملک شہزاد اعوان اور اقبال رضوی بھی شریک تھے۔