وزیر داخلہ کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس قیدیوں کی رہائی کے معاملے پرغور

قوم دعا کرے ہماری کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک میں جلد امن قائم ہوجائے گا، مولانا سمیع الحق

حکومت جذبہ خیر سگالی کے تحت طالبان کے کچھ قیدیوں کو رہا کرے، مذاکراتی کمیٹیوں کے اراکین کا مطالبہ فوٹو؛اے پی پی

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں طالبان اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں طالبان قیدیوں کی رہائی اور اہم فیصلوں سے پر غور کیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وزیر داخلہ کی سربراہی میں حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں حکومت اور طالبان کمیٹی کے بیشتر اراکین نے تجویز دی کہ حکومت جذبہ خیر سگالی کے تحت طالبان کے کچھ قیدیوں کو رہا کرے تاکہ براہ راست مذاکرات کے سلسلے کو بغیر کسی تعطل اور طوالت کے آگے بڑھا کر حتمی نتیجے تک پہنچا جاسکے۔ اجلاس میں حکومتی اور طالبان کمیٹی کے اراکین کی جانب سے طالبان شوریٰ کی جانب سے فراہم کی جانے والی قیدیوں کی فہرست کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ فہرست میں موجود ایسے قیدیوں کو کس طرح چھوڑا جائے جو دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہ راست ملوث نہیں ۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکومت اور طالبان کمیٹیوں کے درمیان تمام امور پر بات ہوئی ہے ہم حالات سے مایوس نہیں ، قوم دعا کرے ہماری کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک میں جلد امن قائم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا مذاکرات کے عمل میں ہمارا ساتھ دیا جائے اور ایسے تحفظات اور خدشات ظاہر نہ کیے جائیں جس سے اس عمل کو نقصان پہنچے۔ مولانا سمیع الحق نے طالبان سے اپیل کی کہ وہ بھی معاملے میں جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں۔
Load Next Story