کراچی میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا ملزم ملک سے فرار پولیس ہاتھ ملتی رہ گئی

ملزم خرم نثار نے پیر کو عبدالرحمان نامی پولیس اہلکار کو تکرار کے بعد قتل کیا تھا


ویب ڈیسک November 22, 2022
چھوٹی تصویر میں ملزم ایئرپورٹ پر نظر آرہا ہے

ڈیفنس میں پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا ملزم خرم نثار باآسانی ملک سے فرار ہوگیا اور پولیس ہاتھ ملتی رہ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا کار سوار خرم نثار کراچی پولیس سے زیادہ ہوشیار نکلا، یعنی واردات کے فوراً بعد ہی اسے اندازہ ہوگیا تھا کہ اگر وہ ابھی ملک سے نہیں بھاگا تو قانون کی پکڑ میں آجائے گا۔

ادھر پولیس ٹامک ٹوئیاں مارتی رہی اور ملزم غیر ملکی ایئرلائن سے ٹکٹ بک کرا کر چند گھنٹوں بعد ہی براستہ استنبول، سوئیڈن روانہ ہوگیا، حالانکہ پولیس کو گھر پر چھاپے کے بعد یہ معلوم ہوگیا تھا کہ خرم پاکستانی نژاد سوئیڈئش شہری ہے۔

ایسے حالات میں سب سے پہلے یہی شک ہونا چاہیے تھا کہ وہ غیر ملکی پاسپورٹ کی بدولت باآسانی پاکستان سے فرار ہوسکتا ہے مگر پولیس نے اگلے دن اس وقت وزارت داخلہ کو ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے لیے خط لکھا جب خرم نثار پاکستان سے ہزاروں میل دور جاچکا تھا۔

ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ سے جب منگل کی شام خرم نثار سے متعلق پوچھا گیا تو وہ یہی کہتے نظر آئے کہ ملزم پاکستان میں ہی ہے اور اسے تلاش کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس حکام پیر کی رات ہی وزارت داخلہ اور ایف آئی اے سے رابطہ کرلیتے تو ملزم کے فرار کا راستہ روکے جانے کا امکان تھا لیکن اب معاملہ پولیس کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔

اعلیٰ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ اس معاملہ پر اب وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملزم خرم نثار نے پیر کو عبدالرحمان نامی پولیس اہلکار کو تکرار کے بعد قتل کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں