آرمی چیف کا کوئٹہ چھاؤنی کا الوداعی دورہ کارڈیالوجی اسپتال کا افتتاح بھی کیا
آرمی چیف نے صدر پاکستان کی جانب سے یو پی اے پی کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ سعید الغافیلی کو ستارہ قائداعظم بھی پیش کیا
آرمی چیف جنرل قمر باجوہ الوداعی دورے پر کوئٹہ چھاؤنی پہنچے جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور بلوچستان کے دارالحکومت میں 120 بستروں پر مشتمل شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میڈیکل سینٹر کا افتتاح کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ چھاؤنی کا الوداعی دورہ کیا اور افسران اور جوانوں سے بات چیت کی، انہوں نے صوبے میں امن و استحکام ،سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے کوئٹہ کور کی کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف نے کوئٹہ گیریژن میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی اور شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوئٹہ میں 120 بستروں کی پہلی کارڈیک سہولت کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر، ڈائریکٹر یو پی اے پی، گورنر بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان بھی موجود تھے، آرمی چیف سے اپنے خطاب میں کہا کہ کارڈیک انسٹی ٹیوٹ بلوچستان کی آبادی کی خدمت کرے گا، دو مزید سہولیات کا منصوبہ بھی ہے۔
جنرل باجوہ نے صدر پاکستان کی جانب سے یو پی اے پی کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ سعید الغافیلی کو ستارہ قائداعظم بھی پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اور اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا دورہ بھی کیا اور فیکلٹی اور طلباء کے افسران سے بات چیت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔