لاہور میں پولیس مقابلے میں 2 ڈاکوؤں سمیت 3 افراد ہلاک

ڈولفن پولیس نے ایک ڈاکو کو زندہ گرفتار کرلیا


Staff Reporter November 23, 2022
فائل فوٹو

لاہور میں شادباغ گندی بمبیاں کے قریب ڈولفن اسکواڈ کا ڈاکوؤں سے آمنا سامنا ہوا جس میں دو ڈاکو ہلاک اور ایک شہری جاں بحق جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق تین مسلح ڈاکو مغلپورہ، فتح گڑھ، تاجپورہ و ملحقہ علاقوں میں وارداتیں کرنے کے بعد فرار ہو رہے تھے، ڈولفن نے دوران پٹرولنگ تین مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈاکو ڈولفن ٹیم پر فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

ڈولفن ٹیم نے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھا اور شادباغ سروس روڈ پر تیز رفتاری کے باعث خراب ٹرالی سے ٹکرانے کے بعد دو ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے، مقامی شہری ٹرالی کو دھکا لگا رہے تھے جبکہ اس دوران ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل دو شہریوں سے بھی جا ٹکرائی جس کے باعث دونوں شدید زخمی ہوئے لیکن علی شیر نامی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایک ڈاکو کو زندہ گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرے شہری کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو کے قبضہ سے چھینے گئے موبائل، گھڑیاں، رقم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن توقیر نعیم بھی موقع پر پہنچ گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں