ڈرون طیارے

ڈرون طیارے سامان کی ترسیل کے ساتھ ساتھ کمرۂ امتحان میں طلبا کی نگرانی کے لیے بھی استعمال ہورہے ہیں


عبدالریحان March 30, 2014
ڈرون طیارے سامان کی ترسیل کے ساتھ ساتھ کمرۂ امتحان میں طلبا کی نگرانی کے لیے بھی استعمال ہورہے ہیں۔ فوٹو : فائل

ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کے ساتھ ساتھ متنوع ہوتا جارہا ہے۔

ابتدا میں اسے میدانِ حرب کی ٹیکنالوجی سمجھا جاتا تھا مگر اب ڈرون طیارے سامان کی ترسیل کے ساتھ ساتھ کمرۂ جماعت میں طلبا کی نگرانی کے لیے بھی استعمال ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرون طیاروں کو مجرمانہ سرگرمیوں میں بھی استعمال کیا جانے لگا ہے۔

حال ہی میں آسٹریلوی پولیس نے ایک شخص کو ڈرون کے ذریعے جیل میں منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ریاست وکٹوریا کی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ اتوار کی شب میلبرن کی جیل کے قریب سے ایک مرد اور ایک عورت کو حراست میں لیا گیا جو ایک کار میں بیٹھے ہوئے تھے۔ ان کے قبضے سے ایک چھوٹا ڈرون اور منشیات کی کچھ مقدار برآمد ہوئی۔ اس ڈرون کو گارڈز جیل کے اوپر پرواز کرتے ہوئے دیکھ چکے تھے۔ اٹھائیس سالہ مرد اور اس کی ہم عمر عورت پر منشیات رکھنے اور اسے جیل میں اسمگل کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ گرفتار جوڑے کو رواں ہفتے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ڈرون کے ذریعے منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی جیل میں اسمگلنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گذشتہ برس نومبر میں جارجیا کی پولیس نے ڈرون کے ذریعے تمباکو جیل میں پہنچانے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کیا تھا۔ 2011ء میں روسی پولیس نے ڈرون کے ذریعے سات سو گرام ہیروئن جیل میں ایک قیدی تک پہنچانے کی کوشش ناکام بنادی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں