بی آر ٹی ریڈلائن میں آنے والی تجاوزات کو ایک ہفتے میں ختم کرنے کی ہدایت

بی آر ٹی ریڈ لائن مفاد عامہ کا اہم پروجیکٹ ہے، کے الیکٹرک کی وجہ سے کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کر سکتے، شرجیل میمن


کے ایم عباسی November 23, 2022
فوٹو فائل

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی ہے کہ بی آر ٹی ریڈ لائن میں آنے والی تمام تجاوزات کو ایک ہفتے کے اندر ختم کیا جائے، بی آر ٹی ریڈ لائن میں کے الیکٹرک کی سست روی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و مانس ٹرانزٹ شرجیل میمن کی زیر صدارت بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ سے متعلق کے الیکٹرک سمیت یوٹیلٹی کمپنیوں کے افسران کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سی ای او ٹرانس کراچی واصف اجلال ، کے الیکٹرک کے منیر احمد شیخ ، پی ٹی سی ایل ، سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندوں اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے یوٹیلیٹیز کی منتقلی میں سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبے کی تکمیل کے لئے کے-الیکٹرک اپنی زمہ داریاں بروقت ادا کرے، بی آر ٹی ریڈ لائن مفاد عامہ کا اہم پروجیکٹ ہے، کے الیکٹرک کی وجہ سے پروجیکٹ میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کر سکتے۔

صوبائی وزیر نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، کمشنر کراچی اور سی ای او ٹرانس کراچی کو بروز جمعرات سی ای او کے الیکٹرک کے ساتھ اجلاس کر کے تمام انسٹالیشن کی منتقلی کے معاملات حل کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر نے کے۔ الیکٹرک کو بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے لئے کے الیکٹرک کی طرف سے پروجیکٹ منیجر تعینات کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پروجیکٹ منیجر روزانہ کی بنیاد پر ریڈ لائن پروجیکٹ کوریڈور سے کے الیکٹرک کی انسٹالیشن کی منتقلی کے کام کی رفتار کو تیز کرے ۔

شرجیل انعام میمن نے کراچی انتظامیہ کو بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے کوریڈور میں آنے والی تمام تجاوزات 7 روز کے اندر ہٹانے کے بھی احکامات دیئے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ پبلک ٹرانسپورٹ کے پروجیکٹس کی وقت پر تکمیل کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔ انہوں نے ٹرانس کراچی کو ہدایت دی کہ ریڈ لائن پروجیکٹ پر متبادل راستوں کو بہتر طریقے سے بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ترقیاتی کاموں کے دوران پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں