جنرل عاصم منیر آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر

صدر مملکت نے عمران خان سے مشاورت کے بعد آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی منظوری دی

فوٹو فائل

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد جنرل عاصم منیر آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر ہوگئے۔

صدر مملکت نے لاہور میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ایوان صدر میں قانونی ماہرین کے ساتھ اجلاس کیا اور آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی بھیجی جانے والی سفارش کی منظوری دی۔

صدر مملکت کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف مقرر ہوگئے۔

اعلامیہ ایوان صدر

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر عارف علوی نے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کی فی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کی منظوری دے دی، جس کا اطلاق 27 نومبر سے ہوگا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت نے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کی فی الفور جنرل کے عہدے پر ترقی اور بطور چیف آف آرمی اسٹاف تعیناتی کی منظوری دی جس کا اطلاق 29 نومبر 2022ء سے ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی نئے آرمی چیف اور چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے ملاقاتیں

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت نے ترقیاں اور تعیناتیاں آئین کے آرٹیکل 243 چار اے اور بی ، آرٹیکل 48 اور پاکستان آرمی ایکٹ 1952 ء کے سیکشن 8 اے اور 8 ڈی کے تحت کیں اور وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے موصول ہونے والی سمری پر دستخط کردیے۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد سمری وزیر اعظم ہاؤس کو موصول ہوگی جس کے بعد وزارت دفاع کی جانب سے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی وزیراعظم سے ملاقات

ذرائع کے مطابق نئے تعینات ہونے والے چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ساحر شمشاد سمری کی منظوری کے بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ساحر شمشاد کو عہدہ ملنے پر مبارکباد دی۔


نئے آرمی چیف کی وزیراعظم ہاؤس آمد، شہباز شریف سے ملاقات

ذرائع کے مطابق نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں اُن کی شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے عاصم منیر کو آرمی چیف تعینات ہونے پر مبارک باد دی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی صدر مملکت سے ملاقات

قبل ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف پی ایم سے ملاقات کر کے ایوان صدر میں ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے فوج کی نئی قیادت آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کیلیے کردار ادا کرے گی، پی ٹی آئی

قبل ازیں وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا اور سمری کو منظوری کیلیے ایوان صدر بھیجا تھا۔

آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، شیری رحمان، عون چوہدری، چوہدری سالک حسین، امین الحق، شاہ زین بگٹی، مولانا اسعد محمود اور ریاض پیر زادہ شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: صدر کیطرف سے اہم تعیناتیوں کی سمری روکنے کی صورت میں حکومت کا متبادل پلان تیار

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی تقرری؛ آئین کے مطابق سمری کو دیکھیں، عمران خان کا صدر کو مشورہ

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم سے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی ملاقاتیں

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا، جس کی سمری منظوری کیلیے صدر مملکت کو ارسال کردی گئی ہے۔
Load Next Story