شہر آشوب صغریٰ مہدی
صغریٰ آپا جدید اردو افسانے کا ایک اہم نام تھیں۔ شہروں شہروں ملکوں ملکوں بلائی جاتیں اور لوگ ان کے لیے آنکھیں بچھاتے۔
صغری مہدی کو 17 مارچ 2014ء کو ہمارے درمیان سے اٹھالیا گیا۔ فوٹو: فائل
دھندلے دھندلے سائے۔ جلدی جلدی بدلتی تصویریں۔ شور و غوغا، چہروں پر پریشانی، خوف، غصہ، دولت و اقتدار کا زعم، جان و مال کے محافظ لٹیرے اور قاتل، عزت و آبرو کے نگہبان، عزت و آبرو کے دشمن، عورتیں برہنہ، مرد درندہ بن گئے ہیں، بچے ڈپریشن کا شکار۔ نوجوانوں کی زندگی ایک بوجھ جسے سر سے اتارنے کو آمادہ، دینے والے کو لوٹانے کے لیے کوشاں۔
پیسہ ہر طرف پیسہ، جسے دیکھو اس کے پیچھے دوڑا جارہا ہے۔ جنگل کٹ گئے، مکانوں کا جنگل ہر طرف ہے۔ جدھر دیکھو بلند و بالا آسمان سے باتیں کرتی چمکتی دمکتی عمارتیں اور ان کے پیچھے گندے نالے جھونپڑپٹیاں، کھانستے کراہتے بوڑھے۔ آدمی ہی آدمی، سڑکوں پر ٹریفک، ہر طرح کی سواریاں، موٹر بسیں، ٹرک لوگوں کو کچلتے مارتے، جانیں انسانی جانیں، ارزاں اتنی کہ کوئی بھی چیز اب تنی سستی نہیں ہے۔ ہر ہاتھ میں خنجر، مذہب لوگوں کو ستانے کا ذریعہ، تہوار موت اور تباہی کا پیغام، کرسیاں ہی کرسیاں، ان سے چپکے عیار اور مکار لوگ۔ گھر سنسان جیلیں آباد، کھوکھلے دعوے، فلاحی انجمنیں کھانے کمانے کا ذریعہ، کرسیوں تک پہنچنے کے لیے غریبوں کی خدمت کے مکھوٹے، نئی نئی ایجادیں بدنام ترقی، دراصل تنزل اور تباہی کا سامان۔
نئی نئی بیماریاں، نت نئی دوائیں، ایک دن ان کے فائدے دوسرے دن ان کے نقصانات اور نئی دوائوں کے فائدے ساتھ میں مضر اثرات کی چیتاونی۔ ان سے بچائو کے طریقے۔ تعلیمی ادارے فیکٹریوں میں تبدیل، بدعنوانی کا بول بالا، عیاشیاں بدکاریاں بدنام فرد کی آزادی، تعمیر کے نام پر تخریب، ہر بوالہوس نے حسن پرستی شعار کی، اب آبروئے اہل نظر، اہل نظر؟ ہے کوئی اہل نظر؟ اے رب العزت ہمیں یہ کون سا دور ملا ہے۔ ناانصاف منصف، جاہل، عالم، دھوکے باز، عیاراور دانشور، ہر تک بند شاعر اعظم، ڈگریاں جعلی، اعزاز ڈھونگ انعام دھوکا۔ ہر جھوٹا ''ان الحق'' کہہ کر خود کو منصور کہلانے پر مُصر۔ گائوں ویران ہوئے، شہر لوگوں سے ابل رہے ہیں۔ دریا سوکھ گئے ہیں۔ پنگھٹ سنسان ہیں۔ بوڑھے بھٹک رہے ہیں۔ نوجوان مشین بن گئے ہیں۔ ماں باپ بچوں کے آگے سرنگوں ہیں۔ اب شہر میں ہر آن خرابات ولی ہے، تیغ منصفی کررہی ہے۔ دار و رسن گواہی دے رہے ہیں۔ اب شہر میں معتبر کون ہے قاتل کے سوا۔
آج پھر امن رہا بستی میں!
اے مظفر یہ خبر ہے کوئی... امن بستی... خبر۔ بڑا سا برآمدہ، اس کے ساتھ کئی ہال نما بڑے کمرے، برآمدے کے سامنے بڑا سا کمپاؤنڈ، کمروں میں برابر کئی پلنگ بچھے تھے۔ ان ہی کمروں میں سے ایک کمرے سے یہ بُڑبُڑاہٹ کی آواز آنے لگتی ہے۔ کبھی کبھی بُڑبُڑانے والے کی سانس پھولنے لگتی تو وہ چپ ہوجاتا۔ پھر پیٹ میں سانس سماتی تو وہ بکنے لگتا، بے معنی باتیں نہ سر نہ پیر۔ اس پرانی سی عمارت پر بڑا سا بورڈ لگا تھا، اس پر لکھا ہوا تھا،''آسرا'' یہ ایک اولڈ ایج ہوم تھا۔ ایک مہانگر کے مضافات میں۔ ان کے برابر بچھے پلنگوں پر بوڑھے لیٹے رہتے۔ دوسری طرف کھڑکیاں تھیں، کھولو تو ایک میدان نظر آتا تھا۔ کہیں جھاڑ جھنکاڑ اُگا ہوا تھا۔ ایک پیپل کا پیڑ بھی تھا، تھوڑی دور ایک گندا نالہ بہتا تھا۔ صبح شام بھولی بھٹکی کوئی چڑیا بھی آجاتی۔ شام صبح ان کھڑکیوں سے سورج کے ڈوبنے اور نکلنے کا منظر دیکھا جاسکتا تھا۔
یہ بوڑھا جو ہر وقت اول فول بکا کرتا، اس کو آئے یہاں پانچ سال ہوگئے۔ اس کا بیٹا اسے چھوڑ گیا تھا۔ وہ باہر جاکر بسنا چاہتا تھا، بیچارے نے بہت انتظار کیا، کہاں تک کرتا۔ اس نے اسے بھی اپنے ساتھ لے جانا چاہا، یہ پاگل گیا ہی نہیں۔ کہنے لگا وہاں بھی تو بوڑھوں کے گھر میں رہنا ہوگا تو اب تو اپنے یہاں بھی ہوم ہیں ہم بوڑھوں کے لیے۔ یہاں ہم صورت، ہم زبان لوگ تو ہوں گے اپنا ملک تو ہوگا۔ وہ شام کو کھڑکی کھول کر بیٹھ جاتا، چڑیوں کی آوازیں سنتا، گرمیوں کی دوپہر میں کوئل کی کوک سنتا۔ پھر اپنا بکس نکال کر موٹی موٹی کاپیاں دیکھا کرتا میگنافائنگ گلاس (محدب شیشہ) سے۔ پھر ایک موٹا سا البم لے کر بیٹھ جاتا، یہ تو اکثر بوڑھے کرتے تھے۔ اپنی چندھی آنکھوں سے تصویریں دیکھا کرتے۔ شروع میں آیا تھا تو صبح شام کمپائونڈ میں ٹہلنے نکل جاتا مگر... اب عرصے سے صرف کھڑکی کے ذریعے ہی باہر سے رابطہ رکھتا تھا۔ پانچ سال میں دو دفعہ بیٹا اس سے ملنے آیا۔ بہت سے تحفے لایا قمیص، سوئٹر، جوتے، آفٹر شیو لوشن، ڈریسنگ گائون اور بہت سے چاکلیٹ۔ بوڑھے نے سب چیزیں واپس کردیں بس چاکلیٹ رکھ لیں۔
بہت اصرار کیا تو اس نے ایک قمیص اور سوئٹر رکھ لیا۔ چاکلیٹ اسے پسند تھے، وہ دنوں کھایا کیا۔ دوسری دفعہ بیٹا آیا تو اسے ایک موبائل فون دے گیا۔ دیر تک اسے موبائل پر بات کرنا سکھا گیا۔ بیٹا ہر ہفتے بات کرتا۔ یہ خود تہواروں پر یا 26 جنوری اور 15 اگست کو اپنے پوتے سے بات کرتا اور ان کے بارے میں بتاتا تھا۔ جب وہ آیا تھا تو اس طرح نہیں بُڑبُڑاتا تھا۔ شاید یہ باتیں تب من ہی من میں کرتا تھا مگر دھیرے دھیرے اس کی آواز بلند ہونے لگی۔ اس پر اس کمرے میں رہنے والے بوڑھوں کو تو کوئی اعتراض نہیں تھا مگر کام کرنے والے بہت چڑتے تھے۔ اکثر اس کو جھڑک دیتے تو وہ جواب دیتا بھئی میں تم سے تو کچھ نہیں کہہ رہا۔ بس کہہ رہا ہوں اپنے دل سے، تو پھر اتنی زور سے کیوں کہتے ہو، کیا تمہارا دل بہرا ہے اور سب ہنسنے لگتے۔ دو ایک بوڑھے کہتے اچھا ہے کوئی آواز تو آتی ہے اور وہ جو کہہ رہا ہے سب سچ ہی تو ہے۔ ادھر کچھ دنوں سے وہ بہت کمزور ہوتا جارہا تھا۔ کھانا بھی کم کھاتا۔ بس آہستہ آہستہ یہی کہتا،''یہ کون سا یُگ ہے؟ کون بانی بیداد ہے، دھندلے دھندلے سائے بدلتی ہوئی تصویریں۔''
کچھ دنوں سے اولڈ ایج ہوم کے منتظمین کو تشویش تھی کہ اب بوڑھا بہت کم بُڑبُڑاتا مگر اور بوڑھے بھی اب وہی لایعنی باتیں کرنے لگے تھے۔ بوڑھے کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جارہی تھی۔ ڈاکٹر کو بلایا گیا اس نے معائنہ کیا اور کہا کہ عمر کے لحاظ سے سب کچھ ٹھیک ہے۔ یہ اس کے دماغ کا انتشار ہے۔ ایک بوڑھا بولا بڑھاپے میں یہ بیماری اکثر ہوجاتی ہے، یہی بُڑبُڑانے کی، مگر اب وہ بولتا تو اتنا آہستہ کہ بار بار کیا، کیا کہنا پڑتا۔ ہر وقت سانس پھولتی رہتی، وہ اسی پھولی ہوئی سانس کے ساتھ یہی سب کچھ کہتا رہتا مگر اور بوڑھے کورس میں یہ باتیں دہرانے لگے تھے۔ ایک دن دیر تک اس کی آواز نہیں آئی تو اس کے پاس کے پلنگ کے بوڑھوں کو تشویش ہوئی۔ اٹینڈینٹ کی توجہ اس طرف دلائی تو وہ ٹال گئے۔ واقعی دوپہر کا کھانا بھی ویسا ہی رکھا رہا تو کسی نے اس کے ہاتھ پر ہاتھ رکھا تو چونک پڑا۔ ''ارے یہ بڑے میاں تو چل دیے۔'' کیا۔ کیا۔ کیا کہہ کر کئی بوڑھے اٹھ کر بیٹھ گئے۔ کیا کہہ رہا ہے؟
انچارج کو اطلاع دی گئی، ڈاکٹر آیا اس نے ان کو مردہ قرار دیا... ارے بھئی واہ بڑے میاں تو خاموشی سے چلے گئے۔ اٹینڈنٹ کہہ رہا تھا۔ اس کمرے میں دوسرے کمروں کے بوڑھے بھی آگئے تھے اور اس کے پلنگ کو گھیرے کھڑے تھے۔ کچھ رو رہے تھے، کچھ کہہ رہے تھے کہ اچھا ہے، اس مصیبت سے چھوٹ گئے۔ پھر جلدی جلدی انتظامات ہوئے اور سہ پہر تک لوگ ان کو اول منزل پہنچا آئے۔
مگر کمرے سے آوازیں اسی طرح آرہی تھیں، پیڑ کٹ گئے، کنویں سوکھ گئے، گائوں ویران ہیں اور شہر لوگوں سے ابل رہے ہیں۔ انسانوں کی جانیں ارزاں ہیں۔ انچارج نے وہاں رائونڈ لگایا تو اس نے سنا کہ ان بوڑھوں کے ساتھ وہاں کام کرنے والے بھی یہی کہہ رہے تھے۔ جاہل، عالم ہیں۔ ُتک بند شاعر اعظم ہیں۔ ہر رند خرابات ولی ہے۔ اس دوران میڈیا کو یہ خبر کسی طرح پہنچ گئی، وہ لوگ اپنے تام جھام کے ساتھ کھڑے تھے۔ سنا ہے آج جو بڑے میاں مرے ہیں وہ بہت بڑے لیکھک تھے۔ ان کو بہت انعامات ملے تھے۔ ان کو راشٹر پتی نے سمان بھی دیا تھا۔ یہ سن کر دو عورتیں اور ایک مرد آگے بڑھے۔ ہاں ہم ان کے رشتے دار ہیں قریبی، ان کی آواز بھرا رہی تھی، عورتیں آنسو پونچھ رہی تھیں۔ مرد آگے بڑھ کر بڑے میاں کے بارے میں انٹرویو دے رہا تھا۔
کھٹاکھٹ تصویریں کھینچ رہی تھیں۔ ان لوگوں سے نمٹ کر میڈیا کے لوگ اولڈ ایج ہوم کے اسٹاف کی طرف متوجہ ہوئے۔ انچارج صاحب آفس میں نہیں تھے۔ ادھر ادھر اور کر مچاریوں کو دیکھا، کوئی نظر نہیں آیا۔ ایک باہمت صحافی اندر گئے تو انہوں نے عجب سماں دیکھا کہ اس کمرے میں جہاں بڑے میاں مرے تھے، سب جمع ہیں۔ بوڑھے انچارج اور سارا اسٹاف ایک کورس میں کہہ رہے ہیں۔ دھندلے دھندلے سائے، جلدی جلدی بدلتی تصویریں، ہر طرف شور و غوغا ہر چہرے پر پریشانی... پھر... پھر کیا ہوا؟ پھر؟ نہیں معلوم کیا ہوا؟
صغریٰ مہدی
''راگ بھوپالی'' لکھنے والی صغریٰ مہدی اگست 1938ء کی آٹھویں تاریخ کو بھوپال میں پیدا ہوئیں۔ تعلیم دلی اور علی گڑھ میں ہوئی۔ ڈاکٹریٹ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے حاصل کی۔ انہوں نے کہانیاں اور ناول لکھے، سفر نامے تحریر کیے، ادبی تنقید کی کئی کتابیں ان کے قلم سے نکلیں۔ انہوں نے جید عالم ڈاکٹر عابد حسین اور ان کی افسانہ نگار، ناول نگار اور تحقیقی مضامین لکھنے والی شریکِ حیات صالحہ عابد حسین کے ساتھ زندگی گزاری اور گھر کے علمی، ادبی اور تہذیبی ماحول نے ان پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ 1973ء میں ان کا پہلا ناول ''پابہ جولاں'' اور 1975ء میں کہانیوں کا پہلا مجموعہ ''پتھر کا شہزادہ'' شائع ہوا۔ ''جو میرے وہ راجا کے نہیں'' اور ''جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو'' ان کے وہ افسانوی مجموعے ہیں جو بے حد مقبول ہوئے۔ ادب میں عورت کی حیثیت اور ہندوستانی سماج میں مسلمان عورت کا مقام ا ن کی دل چسپی کے خاص موضوعات تھے۔ ''دور درشن'' کے لیے انہوں نے دو ٹی وی سیریل لکھے، جن میں سے ایک ''راگ بھوپالی'' اور دوسرا صالحہ عابد حسین کے ناول ''ساتواں آنگن'' کی ڈرامائی تشکیل تھی۔
وہ ایک دوست دار اور دل دار شخصیت تھیں۔ پاکستانی ادیبوں کی وہ جس گرم جوشی سے مہمان داری کرتیں، وہ لوگوں کو تادیر یاد رہتی۔ ان سے میری نیاز مندی پچیس برس سے زیادہ پر محیط تھی۔ میں دو مرتبہ ان کے گھر ''عابد ولا'' میں ٹھہری لیکن زیادہ تر ہوٹلوں میں ٹھہرائی جاتی اور وہ ناراض ہوتیں ''میرے گھر کیوں نہیں ٹھہرتیں؟'' ان شکایتوں کے باوجود مجھ سے ملنے کبھی انڈیا انٹرنیشنل سینٹر، کبھی وائی ڈبلیو سی اے ہاسٹل اور کبھی اجے بھون آتیں، ہائے ہائے کرتیں، مجھے برا بھلا کہتیں لیکن آنا لازم تھا، مہینے میں ایک دو مرتبہ ان سے فون پر باتیں ہوتیں اور دونوں ملکوں کے تازہ ترین ادبی بلیٹن کا تبادلہ ہوتا۔ جب تک عینی آپا موجود تھیں، ہم ان کی اور ڈاکٹر عذرا رضا کی باتیں کرتے۔ کوئی ان باتوں کے دورانیے پر نظر کرتا تو یہی سمجھتا کہ دو نہایت دولت مند خواتین ہیں جو ٹیلی فون بل کا حساب لگائے بغیر گپ میں مصروف ہیں۔
قرۃ العین حیدر سے ان کی گہری قربت تھی۔ عینی آپا نے انہیں ''مشیر خاص'' کے عہدے پر فائز کر رکھا تھا اور اسی لیے وہ کبھی کبھی انہیں ''مشیر فاطمہ'' کے نام سے بھی یاد کرتیں۔ صغریٰ آپا جدید اردو افسانے کا ایک اہم نام تھیں۔ شہروں شہروں ملکوں ملکوں بلائی جاتیں اور ہر جگہ لوگ ان کے لیے آنکھیں بچھاتے۔ وہ رونقِ بزمِ جہاں تھیں۔ ان کے دم سے ادب کی دنیا اور دوستوں کی محفل میں اجالا تھا۔ یہ اجالا ہمارے درمیان سے 17 مارچ 2014ء کو اٹھالیا گیا۔ ''عابد ولا'' دلی میں ان کے ماتم دار رضا مہدی ہیں۔ وہ ان کی یاد کی شمعیں جلاتے رہیں گے۔
یہاں ان کا مختصر افسانہ ''شہر آشوب'' پیش کیا جارہا ہے۔ اسے پڑھیے تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ اکثر شہروں اور بیشتر گھروں کی کہانی ہے۔ ہمارے من موہنے سماج کی بنت جس طرح ادھڑی اس کی تصویر کشی صغریٰ مہدی نے جس دل فگاری سے کی ہے، وہ ان کی فنی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
(زاہدہ حنا)