انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 231روپے کی سطح پر مستحکم رہی


Business Reporter November 24, 2022
فوٹو: فائل

کرنسی مارکیٹ میں ڈالر انٹربینک ریٹ 11پیسے اضافے سے 223.91روپے کی سطح پر بند ہوا تاہم اسکے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 231روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانئیے میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 45پیسے کے اضافے سے 224.25روپے کی سطح پر بھی ریکارڈ کی گئی۔

ملک کو رواں سال کے لیے مطلوبہ 34ارب ڈالر مالیت کے زرمبادلہ کا بندوبست نہ ہونے اور بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیز کی جانب سے ریٹنگ کم ہونے سے عالمی سطح پر پاکستان کی کریڈٹ اہلیت کم تصور ہونے جیسے عوامل کے باعث جمعرات کو بھی ڈالر کی پیشقدمی نہ رک سکی اور ڈالر کی اڑان جاری رہی۔

ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ رواں سال ملک کے لیے 34ارب ڈالر کی ضرورت ہے جبکہ ملکی زرمبادلہ کے موجودہ ذخائر کی مالیت 8ارب ڈالر ہے لہذا زرمبادلہ کے موجودہ ذخائر اور ملک کو درپیش فارن کرنسی کی طلب میں فرق نمایاں ہوگیا ہے۔

ماہرین کا کہناہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی معیشت اور ذرمبادلہ پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور یہ صورت حال تجارت وصنعتی حلقوں میں منفی خدشات بڑھارہی ہے۔

دوسری جانب وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا دعوی ہے کہ ڈالر ازخود نیچے آئے گا کیونکہ ڈالر کی حقیقی قدر 200روپے سے کم ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں