چھیڑ چھاڑ سے روکنے پر اوباش نوجوانوں کا طالبات کی وین پر حملہ
اوباش غنڈوں نے ڈرائیور اور پھر طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس
پنجاب کے علاقے گوجرانوالا میں اوباش نوجوانوں نے چھیڑ چھاڑ سے روکنے پر اسکول طالبات کی وین پر حملہ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گوجرانوالا کے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی حدود میں طالبات کو چھیڑ چھاڑ سے روکنے پر بس پر غنڈوں نے حملہ کیا اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اوباش نوجوانوں نے بس میں داخل ہونے کے بعد پہلے ڈرائیور اور پھر طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق طالبات کو پہلے بھی تنگ کیا جاچکا ہے لیکن شکایت درج نہیں کرائی گئی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ موبائل سے بننے والی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔