انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم 17 سال بعد پاکستان پہنچ گئی

مارک ووڈانجرڈ، بروک ابوظبی کے ٹریننگ کیمپ سے غیرحاضر رہے


Sports Desk November 27, 2022
اسکواڈ میں مزید پلیئرز شامل کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے،کپتان (فوٹو:ٹوئٹر)

انگلینڈ کرکٹ ٹیم 2005 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انگلش ٹیم آج رات گئے دارالحکومت اسلام آباد پہنچی، انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کیلیے ابوظہبی میں بھرپور پریکٹس کی، دونوں ٹیمیں یکم دسمبر سے پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

سیریز کے آغاز سے قبل ہی ٹیم کی راہ میں فٹنس مسائل حائل ہونے لگے، پہلے ٹیسٹ میں فاسٹ بولر مارک ووڈ کی شرکت غیریقینی ہے، وہ ورلڈ کپ کے دوران ہپ انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کی وجہ سے سیمی فائنل اور پھر فائنل نہیں کھیل سکے۔

مزید پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز کیلیے انگلش ٹیم آج اسلام آباد پہنچے گی

ابوظبی میں لگائے گئے ٹریننگ کیمپ میں ہیری بروک بھی شریک نہیں ہوئے، یہ دونوں پلیئرز پاکستان کے خلاف ٹی 20، ورلڈ کپ اور ٹیسٹ سیریز کے اسکواڈ میں شامل ہیں۔

ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ بروک اور ووڈ اپنے گھر پر وقت گزاریں، ہمارے خیال میں فیملی کے ساتھ گزارا ایک ہفتہ ان کیلیے فائدہ مند رہے گا اور وہ تازہ دم ہوجائیں گے، مارک ووڈ ابوظبی میں ہمارے ساتھ رہتے ہوئے ری ہیب کرنے کے بجائے یہ کام اپنے گھر پر بھی کرسکتے تھے، اس لیے ہم نے دونوں کو مکمل آرام کرنے کاموقع فراہم کیا۔

ایک سوال پر اسٹوکس نے کہا کہ ان دونوں کی جگہ مزید پلیئرز کو اسکواڈ میں طلب کرنے کاکوئی ارادہ نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں