وفاقی حکومت گرانے کیلیے آنے والے اپنی حکومتیں گرانے کا اعلان کرکے چلے گئے مریم اورنگزیب
الیکشن وقت سے پہلے کیوں کرائیں؟ اس لیے کہ عمران خان کا اقتدار ختم ہوگیا؟ وزیر اطلاعات
وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گرانے کے لیے آنے والے اپنی حکومتیں گرانے کا اعلان کرکے چلے گئے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ''اِر ریلیونٹ'' ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کی چار سال میں لائی تباہی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مہنگائی، معاشی و خارجہ تعلقات کی تباہی، تاریخی قرض سب عمران خان کی لیگسی ہے، حکومت کی توجہ صرف اور صرف عوام کو درپیش مسائل پر مرکوز ہے۔
انہوں ںے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے واضح ایجنڈا پر کاربند ہیں، اس ایجنڈے کے ذریعے ہم نے پاکستان کے اندر اور بیرونی دنیا پر ہماری قومی ترجیحات اور سوچ واضح کر دی ہے، تعمیر اور تخریب کے دو کردار قوم کے سامنے ہیں، الیکشن وقت سے پہلے کیوں کرائیں کیونکہ عمران خان کا اقتدار ختم ہوگیا ہے؟
یہ پڑھیں : عمران خان کا تمام اسمبلیوں سے نکلنے کا فیصلہ
ان کا کہنا تھا کہ گرانے وفاق کی حکومت آئے تھے اور اپنی دونوں حکومتیں گرانے کا اعلان کر کے چلے گئے، اعلان نظام سے نکلنے کا کرتے ہیں اور اُسی نظام سے استعفیٰ دینے کے باوجود تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں، کوئی 'فیس سیونگ' پی ٹی آئی کے کام نہیں آسکتی کیونکہ عوام نے ان کے حقیقی فیس سے واقف ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفی دے کر ہائی کورٹ میں درخواستیں دینا، تنخواہیں، مراعات، گاڑیاں اور گھر واپس نہ کرنا، حالات بدل گئے لیکن ایک شخص کا جھوٹ، فسادی ذہن اور ایجنڈا نہیں بدلا۔