ایم 6 کرپشن اسکینڈل ڈی سی مٹیاری لوٹی رقم کلین چٹ ملنے پر واپس کرنے کیلیے رضامند
4 ارب میں سے 2 ارب 37 کروڑ روپےغائب ہیں، ڈی سی مٹیاری نے اینٹی کرپشن سے رقم واپسی کیلیے سیف ایگزیٹ بھی مانگ لیا
حیدرآباد تا سکھر موٹروے ایم 6 منصوبے کی کرپشن میں ملوث ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان راشد نے رقم واپس کرنے کی مشروط پیش کش کی ہے۔
سندھ کے میگا منصوبے ایم 6 میں اہم پیشرفت این ایچ اے کی طرف سے زمیں کی خریداری کیلئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری کو دی گئی رقم کا بڑا حصہ غائب ہونے کا انکشاف ہوا۔ اینٹی کرپشن ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ 4 ارب روپے میں سے 2 ارب 37 کروڑ روپے غائب ہیں جبکہ دوسری جانب ڈی سی مٹیاری عدنان راشد نے رقم کی واپسی کلین چٹ سے مشروط کردی۔
گرفتار ڈی سی مٹیاری عدنان راشد نے تفتیش کے دوران کہا ہے کہ غائب رقم کی تفصیلات بھی بتا دوں گا اور پیسے بھی دینے کو تیار ہوں مگر مجھے کلین چٹ کیسے اور محفوظ راستہ چاہیے۔
واضح رہے کہ ایم 6 موٹروے منصوبے میں ہونے والی کرپشن پر ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں، اینٹی کرپشن سندھ نے نیب جیسے اختیارات نہ ہونے کی وجہ سے دو ارب 37 کروڑ کی رقم کی واپسی کیلیے پریشانی کا شکار ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کے اب تک پرانے قوانین پر کام چل رہا ہے اگر نیب جیسے اختیارات مل جائیں تو رقم کی واپسی کرانے میں بھی آسانی ہوگی۔
یاد رہے کہ ایم 6 منصوبے میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد ڈی سی مٹیاری کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ڈی سی نوشہرو فیروز اس کیس میں مفرور ہیں جبکہ نیب نے ایم 6 منصوبے کے راستے میں آنے والے سات اضلاع سے تفصیلات طلب کر رکھی ہیں دوسری جانب ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن بھی معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔