تحریک لبیک کے رکن سندھ اسمبلی کا اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کی بھرتی روکنے کامطالبہ

موسیقی فقط ناچ گانے کا نام نہیں ہے، میوزک ٹیچرز نعت، قوالی اور حمد سکھائیں گے، صوبائی وزیر تعلیم کا ردعمل

فوٹو فائل

تحریک لبیک کے رکن صوبائی اسمبلی نے اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کے بھرتی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے موسیقی کیلئے اساتذہ کی بھرتیوں کو روکنے کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے سندھ حکومت کی جانب سے اسکولوں میں بچوں کو میوزک سیکھانے کیلئے ٹیچرز کی بھرتی کے معاملے کی مخالفت کردی ہے۔

ٹی ایل پی رکن سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ میوزک ٹیچر کی بھرتی معاملے پر مفتی قسم کا توجہ دلاؤ نوٹس صوبائی حکومت کو دیا اور مطالبہ کیا کہ میوزک ٹیچرز کی بھرتیوں کو روکا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ریاضی، عربی اور سائنس کے ٹیچرز نہیں ہیں، لیکن میوزک ٹیچر بھرتی کیے جارہے ہیں۔


ٹی ایل پی رکن اسمبلی کو جواب دیتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے کہا کہ آپ کا قومی ترانہ بھی میوزیشن نے ترتیب دیا ہوگا، موسیقی فقط ناچ گانے کا نام نہیں ہے اسکولز میں میوزک ٹیچرز نعت ، قوالی ،حمد سکھائیں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میوزک ٹیچرز کے حوالے سے بحث چلی، ریاضی کا ٹیچرز یہ نہیں سکھا سکتا ہے کہ حمد و نعت کیسے پڑھنا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسکولوں میں اچھا انسان بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور انسان کو پہلے اچھا انسان بننا پڑے گا پھر مسلمان بن سکتا ہے۔

سردار شاہ کا کہنا تھا کہ عربی ٹیچرز ابھی بھی ہمارے سسٹم میں موجود ہیں، اسی لیے میوزک ٹیچر بھرتی کررہے ہیں اور میوزک ٹیچرز نعت قوالی حمد سکھائیں گے، ان ٹیچرز کی بدولت نعت خواں، حمد خواں سُر میں پڑھ سکے گا۔

وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے مخالفین اور میوزک ٹیچر کی بھرتی کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کو کہا کہ میوزک ٹیچرز کے حوالے سے آپ لوگوں کو دل بڑا کرنا چاہیے۔
Load Next Story