بجلی 32 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری
کمی اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، نیپرا
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 32 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔
ڈسکوز کے اکتوبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہوگئی، کمی اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
نیپرا حکام کے مطابق میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 30 کروڑ 36 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔
سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 25 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست جمع کروائی تھی لیکن ڈیٹا کی ابتدائی جانچ پڑتال کے مطابق 32 پیسے فی یونٹ کمی بنتی ہے۔
اس سے قبل ستمبر کا ایف سی اے صارفین سے 08 پیسے فی یونٹ اضافے سے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک ماہ کے لیے تھا، اکتوبر کا ایف سی اے ستمبر کی نسبت 40پیسے فی یونٹ صارفین سے کم چارج کیا جائے گا اور اس کا اطلاق بھی صرف 1 ماہ کے لیے ہوگا۔
لائف لائن صارفین، 300 یونٹس تک گھریلو صارفین، زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ کمی کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔