قبضے کی جگہ تعمیر بہادرآباد تھانے کو منتقلی کیلئے 30 دن کی مہلت

عدالتی حکم کے باوجود تھانہ دوسری جگہ منتقل نہ کرنے پر عدالت برہم ہوگئی


کورٹ رپورٹر November 30, 2022
عدالتی حکم کے باوجود تھانہ دوسری جگہ منتقل نہ کرنے پر عدالت برہم ہوگئی

سندھ ہائیکورٹ نے نجی اراضی پر بہادر آباد تھانے کی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست پر تھانہ منتقلی سے متعلق اقدامات کیلئے 30 دن کی مہلت دے دی۔

جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو نجی اراضی پر بہادر آباد تھانے کی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالتی حکم کے باوجود تھانہ دوسری جگہ منتقل نہ کرنے پر عدالت برہم ہوگئی۔ جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیئے کہ بار بار ایک ہی مقصد کیلئے کیس لگنا عدالتی وقت کا ضیاع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہری کی اراضی پر بہادرآباد تھانہ قائم کرنے کی تفصیل طلب

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حکم دے چکے ہیں عمل درآمد کریں ورنہ چیف سیکریٹری کو طلب کریں گے۔

ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ تھانہ منتقلی کے حوالے سے کمیٹی کی میٹنگ ہوچکی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کمیٹی اتنے سالوں سے مسئلہ حل نہیں کر پارہی، نااہل لوگوں کو کمیٹی میں شامل کریں گے تو یہی حال ہوگا۔

سرکاری وکیل نے موقف دیا کہ تھانے والی زمین درخواستگزار کی نہیں ہے۔

جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیئے کہ درخواستگزار کی ملکیت ہو نا ہو، یہ سرکاری اراضی نہیں ہے، تھانہ تو منتقل کرنا ہوگا۔ عدالت نے تھانہ منتقلی سے متعلق اقدامات کیلئے 30 دن کی مہلت دے دی۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ میری 300 مربع گز لیز زمین پر قبضہ کرکے تھانہ قائم کردیا گیا ہے۔ تھانے مسمار کر کے زمین و اگزار کرائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں