سابق صدرحیدرآباد چیمبر آف کامرس کو کرپشن پر7 سال قید 500 ملین جرمانہ

عدالت نے سزا پانے والے افراد کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نا اہل قرار دیا


کورٹ رپورٹر November 30, 2022
ملزمان پر کوئلے کی غیرقانونی فروخت میں 2 ارب روپے کی کرپشن کا الزام تھا:فوٹو:فائل

احتساب عدالت نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر گوہراللہ کو کرپشن ریفرنس میں 7 سال قید اور500 ملین روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

کراچی کی احتساب عدالت نے کوئلے کی غیر قانونی فروخت سے متعلق دو ارب روپے کے کرپشن ریفرنس کا فیصلہ سنادیا۔ مقدمے میں نامزد دیگر پانچ ملزمان کو بھی سزا سنائی گئی۔

عدالت نے گوہراللہ سمیت 6 ملزمان کو حراست میں لے کر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔ گوہر اللہ سمیت 6 ملزمان ضمانت پر رہا تھے۔ عدالت نے گوہر اللہ سمیت سزا یافتہ 6 ملزمان کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نا اہل قرار دے دیا۔

تین ملزمان حفیظ الرحمان، شکیل احمد اور حاجی عبد الرزاق کو پانچ ، پانچ سال قید کی سزا اور 10،10 ملین جرمانہ عائد کیا جبکہ دو ملزمان محمد سلیم اور حامد محمود کو چار، چار سال قید اور پانچ ، پانچ ملین جرمانے کی سزا سنائی۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ سزا یافتہ ملزمان کسی بھی مالیاتی ادارے سے کوئی لون نہیں لے سکتے ہیں۔ عدالت نے عدم شواہد کی بناء پر 3 ملزمان سہیل اکبر شاہ، عبد الرشید سولنگی اور فقیر داد کھوسو کو بری کردیا۔ نیب کے مطابق ملزمان پر کوئلے کی غیر قانونی فروخت کے الزام میں 2 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں