صاف ماحول کی ضرورت ہے شہری صفائی کا دن منائیں گورنر سندھ

عوامی مقامات پر رکھے ڈسٹ بن لوگ استعمال نہیں کرتے،چندریگر روڈ کو سیکیورٹی کے حوالے سے بھی فول پروف بنایا جائیگا

شہری صفائی کا دن منائیں اور کراچی کو اپنے خوابوں کا شہر بنانے کی سمت ایک مثبت قدم اٹھائیں،عشرت العباد فوٹو: پی پی آئی

HYDERABAD:
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو کام کرنے اور رہنے کیلیے صاف ماحول کی ضرورت ہے، گلیوں، سڑکوں اور پارکوں پر کچرا پھینکنا ہمارے معاشرے میں عام ہے۔

عوامی مقامات پر ڈسٹ بن شاذونادر ہی پائے جاتے ہیں، اگر ڈسٹ بن رکھے جائیں تب بھی لوگ انھیں استعمال نہیں کرتے، انھوں نے کراچی کے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ صفائی کا دن منائیں اور کراچی کو اپنے خوابوں کا شہر بنانے کی سمت ایک مثبت قدم اٹھائیں، گورنر سندھ نے کہا کہ آئی آئی چندریگر روڈ کوماحول کی صفائی کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی فول پروف بنایا جائے گا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے آئی آئی چندریگر روڈ کو وال چاکنگ، کچرے اور کوڑا کرکٹ سے پاک کرنے کے لیے مشترکہ مہم کا آغاز کر دیا ہے، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا کی ایما پر اتوار کوچندریگر روڈ صفائی 2014 کے یوم کے طور پر منایا گیا۔


افتتاحی تقریب اسٹیٹ بینک میں ہوئی جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان مہمان خصوصی تھے، یہ آئی آئی چندریگر روڈ کی صفائی ستھرائی کی ایک سالہ مہم کا آغاز ہے، ڈھائی کلومیٹر طویل اس سڑک کو 8 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو 8 مختلف بینکوں کو مختص کیے گئے ہیں، اسٹیٹ بینک کے قائم مقام گورنر اشرف محمود وتھرا نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ صفائی اور حفظان صحت کی افادیت سے انکار نہیں کر سکتا، انھوں نے حاضرین کو یاد دلایا کہ اس سے قبل 2007 میں بھی آئی آئی چندریگر روڈ کی تعمیر و مرمت کیلیے230 ملین روپے کی خطیر رقم اسٹیٹ بینک اور دیگر فریقوں کے تعاون سے جمع کی گئی تھی۔

افسوس کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد میونسپل ایڈمنسٹریشن نے صفائی اور دیکھ بھال کا خیال نہیں رکھا، ہمیں انفرادی و اجتماعی سطح پر اپنے ماحول کو صاف رکھنے کے لیے کسی دوسرے کا انتظار کرنے کے بجائے ایک سرگرم طرز فکر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، انھوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ آگے آئیں اور اس سڑک کو کچرے سے پاک کرنے کی مہم میں سرگرم کردار ادا کریں، اس مہم کا باقاعدہ آغاز گورنر سندھ اور قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے فیتہ کاٹ کر کیا گیا، ڈپٹی گورنرز اسٹیٹ بینک، اسٹیٹ بینک کے سینئر افسران اور ان کے اہل خانہ، کمشنر کراچی، شہری انتظامیہ کے حکام اور کارکنان، کمرشل بینکوں کے نمائندے اور آئی آئی چندریگر روڈ اور قرب و جوار کے کاروباری اداروں کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
Load Next Story