150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

اس اقدام سے پے پیکیجز میں امتیازی سلوک پر جاری تنازع ختم ہو سکتا ہے، ذرائع

اس اقدام سے پے پیکیجز میں امتیازی سلوک پر جاری تنازع ختم ہو سکتا ہے، ذرائع (فوٹو: ٹوئٹر)

وزیر اعظم شہباز شریف نے150 فیصد ایگزیکٹو الاؤنس دینے کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر وزارت خزانہ کے عملدرآمد کی منظوری دینے کا نوٹس لے لیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کچھ سول سروس گروپوں کو ایگزیکٹو الاؤنس کے دائرہ سے خارج کرنے کا معاملہ کابینہ کے اجلاس میں اٹھایا، جن میں فارن سروس گروپ کے ساتھ اکانومسٹ گروپ، ٹیکنیکل گروپ، انفارمیشن سروس گروپ اور کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ شامل ہے۔


کابینہ کے فیصلے کے مطابق ایگزیکٹو الاؤنس فیڈرل سیکریٹریٹ، صدر سیکریٹریٹ، وزیراعظم آفس اور آئی سی ٹی فیلڈ ایڈمنسٹریشن میں کام کرنے والے افسران کو یکم جولائی 2022 ء سے بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا سے زیادہ دیا جائے گا۔

وزارت خزانہ نے اس کاتیارکردہ نوٹیفکیشن جاری کیا جس سے بنیادی طور پر دو سروس گروپس کو فائدہ پہنچا۔ اکانومسٹ گروپ جمعہ سے قلم چھوڑ ہڑتال پرہے، جس سے کام متاثر ہو رہے ہیں۔ وزارت منصوبہ بندی اور ایک حد تک آئی ایم ایف کو اہم معلومات کے بہاؤ میں بھی رکاوٹ ہے۔

اکانومسٹ گروپ کے افسران وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے بلائے گئے سیلاب کی تعمیر نو کے منصوبے کی تیاری کے اجلاس سے دور رہے۔ سیلاب کی تعمیر نو کا منصوبہ آئی ایم ایف مشن کے دورے کیلئے شرط ہے۔
Load Next Story