کراچی گھر میں کھٹمل مار دوا کی گیس بھرنے سے بچی جاں بحق

گیس سے ماں اور چار بچوں کی حالت غیر ہوگئی


Staff Reporter December 01, 2022
گیس سے ماں اور چار بچوں کی حالت غیر ہوگئی

محمود آباد میں گھر کے اندر کھٹمل مار دوا کی گیس بھرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ ماں اور چار بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔

تمام افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ، دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

محمود آباد کے علاقے اعظم بستی میں رہائشی عمارت کے ایک فلیٹ میں گھر کے اندر گیس بھرگئی جس کے نتیجے میں ایک بچی موقع پر ہی چل بسی ، واقعے میں چار بچے اور ایک خاتون کی حالت غیر ہوگئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے اور ہلاک و متاثرہ افراد کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ گھر میں شہزاد نامی شخص اور اس کے اہل خانہ مقیم ہیں۔

انھوں نے گزشتہ روز گھر میں کھٹمل مارنے والے گولیاں گھر میں رکھی تھیں جن کے پھٹنے کے بعد گھر میں گیس بھرگئی ، گھر میں گیس یا ہوا کے اخراج (وینٹی لیشن) کا انتظام نہ ہونے کے باعث گیس گھر سے باہر نہ نکل سکی اور گھر کے اندر ہی جمع ہوتی گئی۔

شہزاد صبح کام کاج کی غرض سے گھر سے نکل چکا تھا جبکہ اہل خانہ سورہے تھے جس پر ایک بچی چار سالہ ریچل موقع پر ہی دم توڑ گئی ، دیگر میں اس کے چار بہن بھائی کرسٹینا ، فرسٹینا ، پیٹرسن ، اسرائیل اور ان کی والدہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

دو بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، پولیس حکام نے مزید بتایا کہ گھر کا مکمل طور پر معائنہ کیا گیا جبکہ خصوصی طور پر گھر کا کچن بھی چیک کیا گیا۔

ابتدائی طور پر گھر میں سوئی گیس بھرنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی تاہم سوئی گیس کے لیکیج کے کوئی شواہد نہیں ملے ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں