حکومتی اتحادیوں کی ترقیاتی اسکیمیں خصوصی گرانٹ کا اجرا منظور

وزارت ہائوسنگ کیلیے اضافی8ارب،پاور ڈویژن کیلیے8ارب10کروڑ کی گرانٹ کی منظوری


Shahbaz Rana December 03, 2022
وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس۔ فوٹو فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے جمعے کے روز ہونے والے اجلاس میں اپنے حکومتی اتحادیوں کی ترقیاتی اسکیموں کیلیے 16 ارب روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس گذشتہ روز ( جمعہ ) یہاں وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود و دیگر شریک ہوئے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزارت اقتصادی امور نے جی -20 ڈیبٹ سروس معطلی اقدام (ڈی ایس ایس آئی ) پر ایک سمری پیش کی۔ آئی ڈی اے کے اہل ممالک کے لیے کوویڈ-19 کے سماجی و اقتصادی اثرات کو کم کرنے کے لیے اس قرض میں ریلیف کا اعلان اپریل 2020 میں کیا گیا تھا۔ اس اقدام کے تحت قرض سے نجات اصولی طور پرسود کی ادائیگیوں کی معطلی کے ذریعے ہوناتھی۔ جی 20 کے وزرائے خزانہ نے پیشگوئی کے پیش نظرقرضوں میں ریلیف کو مزید چھ ماہ (جولائی دسمبر، 2021) کے لیے بڑھا دیا۔

ای سی سی نے وزارت اقتصادی امور کو جاپان بینک فار انٹرنیشنل کوآپریشن (جے بی آئی سی ) کے ساتھ کووِڈ سے متعلق 26.150 ملین امریکی ڈالر کے قرض کی معطلی کے لیے قرض کی بحالی کے معاہدے پر دستخط کرنے کی اجازت دی دی ہے اس کے علاوہ وزارت صنعت و پیداوار نے یکم دسمبر 2022 کو کھولے گئے تیسرے بین الاقوامی یوریا ٹینڈر کے ایوارڈ کے لیے ایک سمری بھیجی تھی۔

ای سی سی نے غور و خوض کے بعد میسرز سوئس سنگاپور اوورسیز پی ٹی ای لمیٹڈ کی جانب سے سی ایف آر بلک بنیادوں پر33 ہزارمیٹرک ٹن یوریا کی فراہمی کے لیے 551 ڈالرز فی میٹرک ٹن کی سب سے کم بولی کی منظوری دیدی ہے۔

ای سی سی نے وزارت خارجہ،وزارت توانائی اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس/ سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دیدی ہے وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے وزارت خارجہ کیلئے 34 کروڑ93 لاکھ 83 ہزار روپے کی سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جو کہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے باعث یوکرین سے پاکستانیوں کے انخلا پر خرچ ہوئے۔

اس کے علاوہ ای سی سی نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کے لیے وزارت توانائی (پاور ڈویڑن) کیلئے 8 ارب دس کروڑ ستانوے لاکھ 72ہزار روپے کی اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے لیے 8 ارب روپے کی سپلمنٹری گرانٹ کی منظوری دیدی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں