عمران خان کا اشارہ ملتے ہی پنجاب اسمبلی تحلیل کردیں گے پرویز الہیٰ
چوہدری پرویز الہیٰ اور مونس الہی سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، آئینی اور قانونی نکات پر تفصیلی غور
وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ اور مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور دیگر قانونی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ آئینی صورت حال کے تکنیکی پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، جس کا ساتھ دیتے ہیں اس کا ساتھ نبھاتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والوں کے نمبر کم ہیں اور باتیں زیادہ کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پارلیمانی پارٹی نے پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنیکا اختیار عمران خان کو دے دیا
مسلم لیگ ق کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے کہا کہ عمران خان قوم کے حقیقی لیڈر ہیں، ان جیسا رہنما مدتوں میں ملتا ہے۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے، پنجاب اسمبلی اوروزارت اعلی عمران خان کی امانت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سندھ کے تمام اراکین نے اپنے استعفے عمران خان کو پیش کردیے
اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھا کہ عمران کان کی قیادت میں سب متحد اور متفق ہیں، عمران خان ہمارے قائد تھے اور رہیں گے اور ہم اُن کے تمام احکامات کی تعمیل کریں گے۔