ابتدائی راؤنڈ میں بڑی ٹیموں کو بڑے جھٹکے

فٹبال ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے جاری


Abdul Aziz December 04, 2022
ورلڈ نمبر 2 بیلجیئم، 4 بار کی چیمپئن جرمنی کا سفر تمام ۔ فوٹو : فائل

قطرمیں عالمی فٹبال کپ کا میلہ جاری ہے، ابتدائی گروپ میچز میں کئی بڑی ٹیموں کو بڑے جھٹکے پڑگئے، ورلڈ نمبر 2 بیلجیئم، 4 بار کی چیمپئن جرمنی راؤنڈ16 تک پہنچنے میں ناکام رہیں، بیلجیئم کی ٹیم کروشیا کیخلاف آخری گروپ میچ ڈرا کھیلنے کی وجہ سے خالی ہاتھ گھر واپسی پر مجبور ہوئی۔

اس مقابلے میں صرف ایک گول سے فتح بھی یورپی ٹیم کو اگلے مرحلے تک رسائی دلاسکتی تھی مگر خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، اسٹار پلیئر رومیلو لوکیکو 3 بار گول کرنے کا سنہری موقع ملنے کے باوجود بال کو جال کی راہ نہیں دکھاسکے۔

اس پر ان کی مایوسی بھی میچ کے بعد عالمی میڈیا میں نمایاں رہی، مراکش نے کینیڈا کیخلاف 1-2 سے کامیابی سمیٹ کر گروپ ایف میں ٹاپ پوزیشن پائی، مراکش نے اس سے قبل دفاعی چیمپئن فرانس کے بھی اوسطان خطا کیے تھے، حالیہ ایونٹ میں اس ٹیم کے پلیئرز کی پھرتی اور چابکدستی نے کئی مضبوط حریفوں کو حیران وپریشان کیا ہے۔

اسپین کی ٹیم آخری گروپ میچ میں جاپان کے ہاتھوں 1-2 سے اپ سیٹ شکست کے باوجود پیش قدمی جاری رکھنے میں کامیاب ہوئی۔ ابتدائی راؤنڈ میں پہلی بڑی چوٹ سعودی عرب نے ٹاپ فیورٹ ارجنٹائن کو شکست دیکر لگائی، ناکامی کے ساتھ ارجنٹائن کے 36 میچز تک ناقابل شکست رہنے کا بھرم بھی ٹوٹ گیا، جاپان نے ایک اور فیورٹ جرمنی کے ہوش اڑادیے، جرمن ٹیم مسلسل دوسرے ایونٹ میں گروپ میچز تک محدود رہی، عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر براجمان بیلجیئم کو مراکش نے مات دیکر دنیا کو حیران کیا تھا۔

یورپی ٹیم کا کروشیا سے بھی میچ بغیر گول برابر رہا، یاد رہے کہ مراکش سردست عالمی رینکنگ میں 22 ویں نمبر پر ہے، بیلجیئم کیخلاف مراکش کی ٹیم پہلے ہاف میں کوئی گول نہیں کرسکی لیکن دوسرے ہاف میں 73 ویں منٹ میں رومین سیاس نے اس جمود کو توڑدیا، 92 ویں منٹ میں زکریا ابوخلال نے مراکش کی برتری 0-2 کردی۔

شمالی افریقن ٹیم کو اس کامیابی کی بدولت 3 قیمتی پوائنٹ ملے جبکہ بیلجیئم کی مہم کمزور ہوئی جس کا نتیجہ آگے چل کر ایونٹ سے اخراج کی صورت میں اٹھانا پڑا،ایک اور اپ سیٹ ہوا جب سینیگال نے دفاعی چیمپئن فرانس کو 0-1 سے قابو کیا۔

پاپا بوبا ڈیوپ کا پہلا ہاف میں داغا گیا گول افریقی ٹیم کی جیت کیلیے کافی ثابت ہوا، فرانس کو اس سے قبل 2002 میں جنوبی کوریا کے شہر سیؤل میں بھی اپنے ورلڈ کپ ابتدائی میچ میں ناکامی کا سامنا رہا تھا، عالمی درجہ بندی میں 68 ویں نمبرپر موجود سینیگال نے میگا ایونٹ میں پہلی ہی شرکت کو یادگار بنالیا،جنوبی کوریا نے کرسٹیانو رونالڈو جیسے اسٹار سے مزین پرتگال کو آخری گروپ میچ میں 1-2 سے مات دیکر پری کوارٹر فائنل میں قدم رکھے۔

وہ جاپان کے بعد اس مرحلے تک پہنچنے والی دوسری ایشیائی ٹیم بنی، ابتدائی دو ایڈیشنز کی فاتح یوروگوئے بھی کم گول ہونے کی وجہ سے ابتدائی مرحلے سے رخصتی پر مجبور ہوئی، پری کوارٹر فائنل مرحلے میں امریکا کا مقابلہ نیدرلینڈز، آسٹریلیا کا ارجنٹائن سے طے ہوا، پولینڈ کو مات دینے پر دفاعی چیمپئن فرانس آگے بڑھ پائے گا، سینیگال کو انگلش ٹیم کا چیلنج درپیش رہے گا، جاپان اور کروشیا بھی برتری ثابت کرنے کی کوشش کریں گے۔

جنوبی کوریا کا ٹاکرا پانچ بار کی چیمپئن برازیل سے ہوگا، اسپین کا سامنا مراکش سے ہونا ہے، سوئس ٹیم پرتگال کے مقابل ہوگی۔ فٹبال ورلڈکپ میں سنسنی خیز مقابلوں سے میدان کا ماحول تو گرم رہا، اپ سیٹ شکستوں نے بڑی ٹیموں کے پرستاروں کو مایوس کیا تو فتح پانے والے ملکوں میں خوشی کے شادیانے بھی بجائے گئے مگر قطر میں سخت قوانین کی وجہ سے دیگر ملکوں سے آنے والے شائقین ناخوشی کا اظہار بھی کرتے دکھائی دیئے،رہائشی انتظامات میں مشکلات کی وجہ سے پریشانی بھی اٹھانا پڑی،ریفریز کے چند فیصلوں پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری رہا،بہرحال میگا ایونٹ اب اختتام کی جانب بڑھنے لگا ہے۔

فی الحال دفاعی چیمپئن فرانس، ارجنٹائن، برازیل، انگلینڈ، پرتگال اور اسپین فیورٹس میں شامل ہیں لیکن ابھی تک سامنے آنے والے نتائج کو دیکھا جائے تو مزید اپ سیٹس کی توقع کی جاسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں