افغانستان کا کابل میں دہشت گردی کے واقعے میں پاکستان کو ملوث قراردینا افسوسناک ہے دفترخارجہ

پاکستان پر افغان طالبان اور امن کونسل کے مذاکرات میں رخنہ ڈالنے کا الزام بھی بے بنیاد ہے، ترجمان تسنیم اسلم


ویب ڈیسک March 31, 2014
الزام تراشی سے دو طرفہ ماحول کو بہتر کرنے کی کوششوں کو دھچکا لگتا ہے،ترجمان دفترخارجہ فوٹو :فائل

پاکستان نے کابل میں دہشت گردی سے متعلق افغانستان کے الزامات کو ایک بار پھر سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے الزامات پاکستان کی قیام امن کی کوششوں پر پانی پھیرنے کے مترادف ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کابل میں ہونے والی دہشت گردی میں پاکسان کو ملوث قراردینا افسوسناک ہے، پاکستان پہلے بھی الزامات کی تردید کرچکا ہے اور پھر اس الزام کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان الزام تراشی پاکستان کی قیام امن کی کوششوں پر پانی پھیرنے کے مترادف ہے اور اس الزام تراشی سے دونوں ممالک کے کے تعلقات پر منفی اثر پڑے گا۔

تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں آزادانہ صدارتی انتخابات کے انعقاد کی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر افغان طالبان اور امن کونسل کے مذاکرات میں رخنہ ڈالنے کا الزام بھی بے بنیاد ہے اس قسم کے بیانات سے دو طرفہ ماحول کو بہتر کرنے کی کوششوں کو دھچکا لگتا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل میں الیکشن کمیشن پر خودکش حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور صوبائی کونسل کے امیدواروں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔