اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر وحشیانہ بمباری

گزشتہ روز ایک نوجوان کی شہادت سے رواں ہفتے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی

اسرائیل کے فضائی حملوں میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، فوٹو: فائل

غزہ میں اسرائیلی فوج کے لڑاکا طیاروں نے بمباری کی جس میں ایک عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے جنگی طیاروں نے مغربی کنارے میں حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں ایک اسلحہ ڈپو اور ایک خفیہ ٹنل کو تباہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے صرف غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 10 ہوگئی۔


اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ اس زیر زمین خفیہ ٹنل کے ذریعے حماس کے کارکنان غزہ سے اسرائیلی سرزمین میں داخل ہوتے تھے اور یہودی آبادکاروں سمیت سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بناتے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کو بیدردی سے قتل کردیا

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جنگی طیاروں نے یہ کارروائی حماس کی جانب سے اسرائیلی سرزمین پر داغے گئے ایک راکٹ کے جواب میں کی تھی تاہم حماس نے اسرائیلی دعوے کو مسترد کردیا۔

غزہ میں اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی جارحیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں برس اب تک 125 سے زائد فلسطینی نوجوان شہید ہوچکے ہیں جو 1967 میں اسرائیلی قبضے کے بعد سے ایک سال میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
Load Next Story