اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات کی بھاری مقدار تحویل میں لے لی جب کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے آئس کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کراچی کے عالمی ہوائی اڈے پر اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بھاری مقدار تحویل میں لے لی۔
ترجمان اے این ایف کا منشیات کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،کوٹ عبدالما لک انٹر چینج کے قریب کاروائی کرتے ہوئے کار سے 64 کلو 800 گرام چرس اور 7 کلو 200 گرام افیون برآمد کرلی گئی، کارروائی میں 2 ملزمان گرفتار کیے گئے جن میں افغان باشندہ بھی شامل ہے۔
اے این ایف اور اے ایس ایف کی باچاخان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مشترکہ کارروائی کے دوران فلائٹ نمبر EK 637 سے مانچسٹر جانے والے ملزم کے بیگ سے 946 گرام چرس برآمد کرلی گئی، اس دوران آزاد کشمیر کا رہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب سے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے کراچی کے جناح ٹرمینل پر کارروائی کے دوران شارجہ جانے والے مسافر سے 2.068 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی۔
مسافر فرمان اللہ نے آئس ہیروئن بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔
ترجمان اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا-