فٹبال کنگ ’پیلے‘ کی موت کی افواہ دم توڑ گئی

82 سالہ برازیلین فٹبالر نے ویڈیو پیغام جاری کردیا

فوٹو فائل

دنیا کے عظیم ترین فٹبالر پیلے کی زندگی ختم ہونے کی اطلاعات دم توڑ گئیں، برازیلین فٹبالر کی طبعیت میں بہتری آگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دنیا کے عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے کی زندگی کی بازی ہارنے کی افواہیں دم توڑ گئیں، 82 سالہ فٹبالر نے اسپتال سے ویڈیو بیان جاری کردیا۔

برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے البرٹ آئن اسٹائن اسپتال میں زیر علاج فٹبال کنگ کے نام سے معروف پیلے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ قطر میں جاری فیفا عالمی کپ میں اپنے ملک برازیل کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ حمایت کے پیغامات نے انہیں توانائی دی ہے۔


پیلے نے کہا کہ میں سب کو پُرسکون اور مثبت رکھنا چاہتا ہوں، میں مضبوط ہوں۔

پیلے کے الفاظ ایک پریشان کن منظر نامے کے بعد سامنے آئے، جو اس وقت شروع ہوا کہ انہیں 'زندگی کے اختتام' پر منتقل کر دیا گیا ہے کیونکہ کیموتھراپی لاعلاج ہوگئی ہے، تاہم پیلے کے مداحوں کو یہ جان کر سکون ملا کہ ان کی حالت بہتر ہو گئی ہے۔

دوسری جانب اسپتال کے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وہ اب بھی زیرعلاج اور مستحکم ہیں۔

واضح رہے کہ تین عالمی کپ جیتنے کا اعزاز رکھنے والے لیجنڈ فٹبالر نے 1977 میں کھیل کو خیرباد کہہ دیا تھا جبکہ 2021 میں وہ بڑی آنت کے سرطان میں مبتلا ہونے کے بعد اس وقت زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
Load Next Story