ورلڈٹی ٹوئنٹی سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 60 رنز پر ڈھیر ہوگئی، لنکن بالررنگنا ہیراتھ نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا


ویب ڈیسک March 31, 2014
سری لنکا نے 59 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔فوٹو:کرک انفو

آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں گروپ اے کے انتہائی اہم میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو 59 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

بنگلا دیش کے شہر چٹاگانگ میں کھیلے گئے میچ میں کیویز ٹیم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو لنکن بلے باز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور سری لنکا کی پوری ٹٰم 20 ویں اوورز میں 119 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سری لنکا کی جانب سے مہیلا جئےوردھنے 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ لاہیرو تھریمانے نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ کیویز ٹیم کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور جمی نیشام نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں جب کیویز بلے باز میدان میں اترے تو سری لنکن بالرزنے کیویز بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں، سری لنکن بالر رنگنا ہیراتھ نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ سنانکے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ولیم سن 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکااور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 119 رنز کے چھوٹے ٹارگٹ کے سامنے بھی 60 رنز پر ڈھیر ہوگئی، سری لنکا نے 59 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

واضح رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اہم میچ آج کھیلا جائے گا جس کی فاتح ٹیم کا مقابلہ سیمی فائنل میں سری لنکا سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔