بلوچستان ہائیکورٹ کا اعظم سواتی کو کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کرنے کاحکم

عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے، محکمہ داخلہ بلوچستان اور آئی جی پولیس کو نوٹسز جاری کردیے، سماعت 9 دسمبر تک ملتوی


ویب ڈیسک December 06, 2022
عدالت عالیہ میں درخواست اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے گزشتہ روز دائر کی گئی (فوٹو فائل)

بلوچستان ہائیکورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کرنے کاحکم جاری کردیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اعظم سواتی پانچ روزہ ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف درج 5 مقدمات ختم کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ میں ہوئی۔

جسٹس عامر رانا کے روبرو درخواست کی سماعت میں سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے ایڈووکیٹ نصیب اللہ اور اقبال شاہ پیش ہوئے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے، محکمہ داخلہ بلوچستان اور آئی جی پولیس کو نوٹسز جاری کردیے۔

عدالت نے حکم دیا کہ گرفتار ملزم اعظم سواتی کو کوئٹہ سے باہر منتقل نہ کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: اعظم سواتی کے خلاف درج غیر قانونی مقدمات پر سپریم کورٹ جائیں گے، وکیل

واضح رہے کہ بلوچستان میں درج مقدمات کے خاتمے کے لیے عدالت عالیہ میں درخواست سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی کی جانب سے گزشتہ روز دائر کی گئی تھی۔علاوہ ازیں انصاف لائرز فورم کی جانب سے بھی سینیٹر اعظم سواتی کا ریمانڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بلوچستان پولیس کی تحویل میں سینیٹر اعظم خان سواتی کے ریمانڈ کا آج دوسرا دن ہے۔ انہیں 4 دسمبر کو ضلعی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ دہم کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں پولیس نے اعظم سواتی کے 10 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی تھی، تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کو 5 روزہ ریمانڈ کی اجازت دی تھی۔

مزید پڑھیں: اعظم سواتی بلوچستان پولیس کے ہاتھوں گرفتار، راتوں رات کچلاک جیل منتقل

سینیٹر اعظم سواتی پر 27 نومبر کو تھانہ کچلاک میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں