الیکشن کمیشن کو عمران خان فواد چودھری اور اسد عمر کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت

ہائیکورٹس نے کارروائی سے نہیں، حتمی فیصلے سے روکا ہے، زیر التوا درخواستوں پر سماعت جلد مکمل کی جائے، سپریم کورٹ کا حکم

الیکشن کمیشن پی ٹی آئی رہنماؤں کو جاری شوکاز نوٹسز پر اعتراضات کا بھی جائزہ لے، عدالت عظمیٰ (فوٹو فائل)

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان، سابق وفاقی وزرا فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی سے نہیں، بلکہ حتمی فیصلے سے روکا ہے۔ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی رہنماؤں کو جاری شوکاز نوٹسز پر اعتراضات کا بھی جائزہ لے۔


الیکشن کمیشن نے کیس میں مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو شوکاز نوٹس جاری کیے، تاہم وہ پیش نہیں ہوتے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس چیف الیکشن کمشنر نے نہیں، کسی دوسرے افسر نے جاری کیا۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایات کے ساتھ کیس نمٹا دیا۔ عدالت عظمیٰ نے وضاحت کی کہ لاہور اور سندھ ہائی کورٹس نے الیکشن کمیشن کو سماعت سے نہیں روکا۔ الیکشن کمیشن لاہور اور سندھ ہائی کورٹس کے فیصلے تک کیس میں کوئی حتمی فیصلہ جاری نہ کرے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹس میں زیر التوا درخواستوں پر سماعت جلد مکمل کی جائے۔کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
Load Next Story