پاکستان کا بھارت پر بابری مسجد کو اسکی اصل جگہ دوبارہ تعمیر کرنے پر زور
تاریخی بابری مسجد کی شہادت کی 30ویں برسی کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ کا بیان
پاکستان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بابری مسجد کو اس کی اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے اور اس کی تباہی کے ذمہ دار مجرموں کو مناسب سزا دی جائے۔
بھارت میں تاریخی بابری مسجد کی شہادت کی 30ویں برسی کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بیان میں کہا کہ آج ہندوستان کے شہر ایودھیا میں ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں تاریخی بابری مسجد کی شہادت کی 30 ویں برسی ہے، یہ واقعہ ہندوستان میں اس وقت سے بڑھتے ہوئے مسلم مخالف جنون کی ایک افسوسناک یاد دہانی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہم شہید کی گئی مسجد کی جگہ پر ہندو مندر کی جاری تعمیر اور ذمہ دار مجرموں کی بریت کی مذمت کرتے ہیں، بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی آزادیوں پر مسلسل حملہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بابری مسجد کو اس کی اصل جگہ پر دوبارہ تعمیر کیا جائے اور اس کی تباہی کے ذمہ دار مجرموں کو مناسب سزا دی جائے، بین الاقوامی برادری کو بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور نفرت انگیز جرائم کا نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انتہا پسند ''ہندوتوا''حکومت سے بھارت میں اسلامی ورثے کے مقامات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں، بھارتی حکومت کو اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔