کراچی کی مختلف طریقوں سے سودے بازی کی جا رہی ہے حافظ نعیم

الیکشن کی تاریخ آنے کے بعد سیاسی ایڈمنسٹریٹر کا کوئی جواز نہیں، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم مال بنانا چاہتے ہیں

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ملی بھگت سے کراچی کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، حافظ نعیم الرحمن (فوٹو فائل)

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کی مختلف طریقوں سے سودے بازی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی ملی بھگت سے کراچی کو لوٹنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ پیپلزپارٹی نے سیاسی ایڈمنسٹریٹر قائم کرکے غیر آئینی کام کیا گیا ہے۔ ہم پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ سیاسی ایڈمنسٹریٹر ہٹایا جانا چاہیے۔ الیکشن کی تاریخ آنے کے بعد سیاسی ایڈمنسٹریٹر کا کوئی جواز نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہر میں تباہی کی واحد وجہ پیپلزپارٹی کی اجارہ داری ہے، حافظ نعیم

حافظ نعیم نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پہلے گورنر سندھ لگوایا، اب وہ ایڈمنسٹریٹر لگوانا چاہتے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر لگواکر ٹھیکیداروں ودیگر ذرائع سے مال بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی مختلف طریقوں سے سودے بازی ہورہی ہے۔ 14 برس میں سندھ حکومت نے کراچی کو کوئی ٹرانسپورٹ منصوبہ نہیں دیا۔ 380بسوں کے روٹ ختم ہوگئے، صرف 80 باقی رہ گئے ہیں۔


امیر جماعت کا کہنا تھا کہ شہر میں تقریباً 45 لاکھ موٹر سائیکلیں ہیں جب کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام نہیں ہے۔ شہری سفر کے لیے دن بھر دھکے کھاتے پھرتے ہیں، یہاں تک کہ وہ بسوں کی چھتوں پر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

الخدمت کے تحت بنو قابل پروگرام کے ٹیسٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد امیدواروں کا اندراج ہوا۔ 2 حصوں یعنی پہلے طلبہ اور پھر طالبات کے ٹیسٹ منعقد کیے گئے ہیں، جس میں پاس ہونے والوں کا جنوری سے تعلیمی سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: الخدمت بنو قابل پروگرام؛ کراچی میں آئی ٹی کورسز کے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد

حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ تعلیم مکم ہونے کے بعد انہیں روزگار مل سکے گا، جس کے لیے مختلف کمپنیوں سے بات چل رہی ہے۔ جماعت اسلامی کا میئر آیا تو یہاں آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائیں گے۔ میڈیا انڈسٹری سے وابستہ افراد کے بچوں کے لیے الگ ٹیسٹ کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنو قابل پروگرام کے ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئے ہیں۔
Load Next Story