پروین رحمان کی بہن ملزم کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئیں

مقتولہ کی بہن نے مرکزی ملزم رحیم سواتی کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے


کورٹ رپورٹر December 06, 2022
فوٹو فائل

اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان قتل کیس میں مقتولہ کی بہن نے مرکزی ملزم رحیم سواتی کی بریت کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق پروین رحمان قتل کیس میں مرکزی ملزم رحیم سواتی کی بریت کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں مقتولہ کی بہن نے اپنے وکیل فیصل صدیقی کے توسط سےاپیل دائر کی ہے۔

اپیل میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے میں تضاد ہے، فیصلے اہم شواہد کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ اپیل کنندہ کے وکیل فیصل صدیقی کے مطابق دیگر ملزمان کیخلاف بھی جلد اپیل دائر کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 21 نومبر 2022 کو اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل کے مقدمے میں ملوث ملزمان کو باعزت بری کردیا تھا۔ 17 دسمبر 2021 میں کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے پروین رحمان قتل کا فیصلہ سنادیا تھا۔

فیصلے میں عدالت نے ملزمان محمد رحیم سواتی، ایاز علی عرف سواتی، محمد امجد حسین خان اور احمد خان عرف احمد علی عرف پپو شاہ کشمیری کو دہشتگردی کا جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ خصوصی عدالت نے ملزمان محمد رحیم سواتی، ایاز علی عرف سواتی، محمد امجد حسین خان اور احمد خان عرف احمد علی عرف پپو شاہ کشمیری کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر بھی عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں