کراچی میں مسلح ڈاکو ماں سے شیر خوار بچی چھین کر فرار

بچی کے والد نے دوشادیاں کررکھی ہیں، چھینی گئی بچی پہلی بیوی سے پانچویں اولاد ہے

فوٹو فائل

شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں مسلح ڈاکو خاتون سے بیگ چھین کر فرار ہوگئے، جس میں 11 دن کی شیر خوار بچی موجود تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے تھانہ مدینہ کالونی کی حدود بلدیہ ٹاؤن روبی موڑ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار ملزمان خاتون کے ہاتھ سے تھیلے نما بیگ لیکر فرار ہوگئے، جس پر خاتون نے شور مچایا کہ بیگ کے اندر اسکی بچی موجود تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تفصیلات اکھٹا کیں، پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون مشرف کالونی کی رہنے والی تھی اور اسکی 11 روز کی بچی کی طبیعت خراب تھی، خاتون نے بچی کو سردی سے بچانے کیلئے اسے بیگ میں رکھا ہوا تھا کیونکہ وہ بیمار تھی۔


پولیس کا کہنا ہے کہ وہ بس سے اتر کر جیسے ہی روبی موڑ کے قریب پہنچی تو مسلح ملزمان آئے اور خاتون سے بیگ چھین کر فرار ہوگئے، خاتون روبی موڑ پر واقع کلینک جارہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کا والد جانوروں کے اسپتال میں نائب قاصد ہے، اس نے 2 شادیاں کی ہوئی ہیں، چھینی گئی بچی پہلی بیوی سے پانچویں اولاد ہے، بچی کے والد نے بھی پولیس سے رابطہ کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق اطراف میں نصب کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرلیں ہیں جس میں ملزمان کو تھیلا لیکر جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، واقعے کی مزید جانچ جاری ہے اور ملزمان کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔
Load Next Story