اسلام آباد ایچ نائن کے اتوار بازار میں خوفناک آتشزدگی

آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ جبکہ متعدد دکانیں متاثر ہوئیں

فوٹو اسکرین گریپ

وفاقی دارالحکومت کے علاقے ایچ نائن میں اتوار بازار میں لگنے والی آگ سے درجنوں دکانیں خاکستر اور کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے ایچ نائن میں لگنے والے اتوار بازار میں اچانک آگ بھڑکی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔ آتشزدگی کے باعث فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت تمام افسران موقع پر موجود رہے۔

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اسلام آباد اتوار بازار میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کو خود موقع پر ریسکیو آپریشن کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آگ بجھانے کیلیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد سے آگ واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔


بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے والے مقام کو آج رات کیلیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، اور وہاں پولیس کے دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہاں سے دکانداروں کا سامان وغیرہ چوری نہ ہو، آگ لگنے سے بازار کا بیس فیصد حصہ متاثر ہوا، جمعہ والے دن بازار روٹین میں کھلے گا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلیے ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے، جو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلیے سفارشات پیش کرے گی۔ آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے ، ریسکیو راولپنڈی اور مسلح افواج کی ریسکیو ٹیموں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا، کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ریسکیو آپریشن اپنی نگرانی میں مکمل کروایا ،آگ کپڑے اور کارپیٹ کے اسٹالز پر لگی تھی ،

 

 
Load Next Story